نواز شریف کے بیانات کیخلاف قانون ساز اسمبلی میں مذمتی قرارداد پیش کی جائیگی‘ عبدالماجد خان

پیر 14 مئی 2018 17:48

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 مئی2018ء) تحریک انصاف آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر عبدالماجد خان نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف نے اقتدار سے کرپشن اور بدعنوانی کے باعث پاکستان کی اعلیٰ عدلیہ سے آنے والے فیصلے کے بعد نااہل ہونے کے زعم میں اب ملک کے خلاف جو زہر اگلنا شروع کیا ہے اُس کے خلاف قانون ساز اسمبلی میں مذمتی قرارداد کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر بھر میں بھر پور احتجاج بھی کیا جائے گا۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالماجد خان نے کہا کہ میاں نواز شریف کا ایجنڈا صرف اُن کا اقتدار تھا اور وہ اس ملک میں بادشاہت قائم کرنے کے لئے سازشوں میں مصروف تھے،کیا انہیں کشمیر میں بہتہ ہوا خون نظر نہیں آرہا تھا،کیا انہیں افواج پاکستان کی جانب سے دی جانے والی قربانیاں بھی نظر نہیں آرہی تھیں،انہیں تو صرف کلبھوشن یادیو کی گرفتاری اور سجن جندال کے ساتھ ملاقاتوں اور اُن کی سازشوں کا بے نقاب ہونا پریشان کر رہا تھا۔

(جاری ہے)

میاں نواز شریف نے مجیب الرحمن کو بھی پیچھے چھوڑ دیا اور ایک ایسا متنازعہ اور ملک دشمن انٹرویو دیا کہ جس سے ملک پاکستان کی سلامتی خطرے میںپڑ گئی،ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ میاں نواز شریف کے خلاف فوری طور پر آرٹیکل 6کے تحت مقدمہ درج کر کے ٹرائل شروع کیا جائے اور ملک دشمن غدار کو ایسی سزا دی جائے کہ آئندہ کوئی دوسرا شخص ایسی جرأت نہ کر سکے۔