نوازشریف نے قوم کے بہترین مفاد میں بات کی ‘ بات کا بتنگڑ بنایا جارہا ہے-رانا ثناءاللہ

شہبازشریف نے بیان کی تردید نہیں کی‘سب کو پتہ ہے اجمل قصاب جیسے لوگ نان اسٹیٹ ایکٹر ہیں۔صحافیوں سے گفتگو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 14 مئی 2018 17:46

نوازشریف نے قوم کے بہترین مفاد میں بات کی ‘ بات کا بتنگڑ بنایا جارہا ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔14 مئی۔2018ء) وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ نوازشریف نے جو بات کی وہ قوم کے بہترین مفاد میں ہے، نوازشریف کی بات کا بتنگڑ بنایا جارہا ہے، نواز شریف نے ارادہ کرلیا ہے وہ صرف سچ کہیں گے۔پنجاب اسمبلی کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ میں اورشہبازشریف دونوں نواز شریف کیساتھ ہیں، ہم نے ہزاروں قربانیاں دی ہیں، جو قربانیاں پاکستان نے دیں اس کا اعتراف نہیں کیاجاتا۔

راناثنااللہ نے کہا کہ میاں صاحب نے جو بیان دیا اس میں کوئی نئی بات نہیں، اس سے پہلے بھی لوگ اس قسم کے بیانات دیتے آئے ہیں، ممبئی حملوں کے مقدمے پر ایف آئی اے نے تحقیقات کیں، بیان پر کچھ نادان دوستوں نے میاں صاحب کا ٹرائل شروع کردیا۔

(جاری ہے)

وزیرقانون پنجاب نے کہا کہ نوازشریف کی بات کا بتنگڑ بنایا جارہاہے، بیان پر صرف نوازشریف کی ذات کو ہدف تنقید بنایاجارہاہے، نوازشریف کو ٹارگٹ کرنے کی کوشش کی گئی ہے اور ٹارگٹ کرکے پاکستان کی نیک نامی نہیں ہوئی بلکہ پاکستان کی ساکھ کونقصان پہنچایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف پر جتنی بھی تنقید کی جائے ان کی شہرت بڑھتی ہے، نواز شریف کی ساکھ پر تیسراحملہ کیا گیا ہے، جن پرغداری کے مقدمے ہیں، ان کے تو سہولت کار بنے ہوئے ہیں۔راناثنااللہ نے کہا کہ نواز شریف نے ارادہ کرلیا ہے وہ صرف سچ کہیں گے، ان کے سچ میں ہی قوم کی بقا ہے، جو تماشے 70 سال سے ہوتے آئے ہیں، اب وہ برداشت نہیں کریں گے، نوازشریف ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں، صرف سچ کہیں گے۔

وزیرقانون پنجاب نے کہا کہ شہباز شریف نے نواز شریف کے بیان کی تردید نہیں کی، شہباز شریف نے کہا نوازشریف کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا، قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس سے متعلق بیان بھی غلط پیش کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف اوررحمان ملک بھی ایسے بیانات دیئے تھے، نیب کااعلامیہ میاں صاحب کی ساکھ کونقصان پہنچانا تھا، سب کو پتہ ہے اجمل قصاب جیسے لوگ نان اسٹیٹ ایکٹر ہیں۔

انتخابات کے حوالے سے رانا ثنااللہ نے کہا کہ الیکشن قریب ہے اور نوازشریف کی مقبولیت بڑھ رہی ہے، نوازشریف نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا ہے، الیکشن کے قریب آتے ہی کچھ لوگ پروپیگنڈا کر رہے ہیں، انٹرویو نواز شریف یا نون لیگ نے تو نہیں جاری کیا۔وزیر قانون نے کہا کہ نوازشریف جب سچ بولیں گے، عوام کو اعتماد میں لیں گے، نوازشریف نے جو بات کی وہ قوم کے بہترین مفاد میں ہے، یہ ساری باتیں رحمان ملک بطوروزیر داخلہ کرچکے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ میڈیا کوڈائریکشن آرہی ہیں اور آتی رہی ہیں، میڈیا کو بتایا جاتا ہے کس کا بیپر لینا ہے اور کس کا نہیں، کچھ دن پہلے ایک چینل بند ہوا اور دوبارہ کیسے کھلا سب کو پتہ ہے، یہ کوئی بات نہیں جو نواز شریف نے کی، اس مقدمے کا فیصلہ ہوناچاہیے، جو ذمہ دار ہیں سزا ملنی چاہیے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ شہباز شریف نے کوئی تردید نہیں کی، انہوں نے کہاکہ نواز شریف کے بیان کو غلط تناظر میں توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ، نواز شریف اس قوم اور ریاست کے ساتھ ہیں، جن لوگوں کے خلاف غداری کے مقدمے بنے ہوئے ہیں ان کے تو تحریک انصاف والے گماشتے بنے ہوئے ہیں،نواز شریف کو پہلے ختم نبوت پھر نیب اور اب اس بیان کے معاملے پر پھنسانے کی کوشش کی جا رہی ہے،ہر حربے کے بعد نواز شریف کی مقبولیت میں اضافہ ہوا۔

وزیر قانون پنجاب نے کہا کہ نواز شریف کے بیانات میں کوئی بات نئی نہیں ہے، یہ ہی باتیں ممبئی حملے کے بعد اس وقت کے وزیر داخلہ رحمان ملک نے کیں، رحمان ملک کی باتیں ریکارڈ پر ہیں کہ ممبئی حملے کی سازش کا کچھ پارٹ پاکستان میں ہوا، رحمان ملک نے کہا تھا کہ 7لوگوں کو ہم نے پاکستان میں گرفتار کیا ، ممبئی حملے کی تحقیقات آپ پڑھ لیں ، یہ ہی تمام باتیں آپ کو ملیں گی، جب یہ ہمارا آفیشل موقف ہے کہ یہ نان اسٹیٹ ایکٹرز پاکستان سے گئے تھے، نواز شریف کہہ رہے ہیں کہ اگر ان لوگوں کا بروقت ٹرائل ہو جائے تا کہ ہم دنیا کو دکھا سکیں کہ ہم نے ان کا ٹرائل کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں بھی نواز شریف کے ساتھ ہوں اور شہباز شریف بھی نواز شریف کے ساتھ ہیں، نواز شریف کو اب تک کہا جا رہا ہے کہ نامعلوم نادان دوستوں نے پہلے نواز شریف کو ختم نبوت کے مسئلے میں پھنسانے کی کوشش کی، اس کے بعد نیب کے مقدمات میں پھنسانے کی کوشش کی اور اب اس بیان کے معاملے پر میاں نواز شریف کو پھنسانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ راناثناءاللہ نے کہا کہ جو قربانیاں پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف دی ہیں ان کی بنیاد پر جو صلہ دنیا سے ملنا چاہیے وہ نہیں مل رہا، ہمارا میڈیا کنٹرولڈ ہے، میڈیا پر آنے والے لوگوں کو باقاعدہ فیڈنگ کی جاتی ہے اور ٹریننگ کی جاتی ہے، میاں نواز شریف کو ٹارگٹ کرنے کی کوشش کی گئی ہے اور اس سے پاکستان کے موقف کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے، ہر حربے کے بعد نواز شریف کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے، نواز شریف کے متعلق عوام جانتے ہیں کہ انوز شریف محب وطن ہیں، انہوں نے دہشت گردی کا خاتمہ کیا، جن لوگوں کے خلاف غداری کے مقدمے بنے ہوئے ہیں ان کے تو تحریک انصاف والے گماشتے بنے ہوئے ہیں،نواز شریف اب قوم کو سچائی بتائیں گے، سچ میں ہی اس قوم کی بقاءہے، یہ کوئی طریقہ نہیں کہ ایک جنرل نے مجاہدین بنائے اور دوسرا جرنیل آ کر ان مجاہدین کو دہشت گرد بنا دے، پوری قوم خون میں نہلائی جائے اور پوچھنے والا کوئی نہ ہو،ایک جرنیل اوپر چلا گیا ،دوسرا جرنیل باہر بیٹھا ہے، نواز شریف اس قوم اور ریاست کے ساتھ ہیں، نواز شریف منافقت اور جھوٹ سے کام نہیں لیں گے۔

وزیرقانون پنجاب نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کوئی تردید نہیں کی، شہباز شریف نے یہ کہا ہے کہ نواز شریف کے بیان کو غلط تناظر میں توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے۔