نواز شریف کیخلاف غداری کا مقدمہ درج کرانے کیلئے تھانہ گڑھی دوپٹہ میں بھی درخواست جمع

منگل 15 مئی 2018 22:56

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 مئی2018ء) سابق نااہل وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے خلا ف مظفرآباد کے بعد تھانہ گڑھی دوپٹہ میں بھی مقدمہ کے اندراج کیلئے درخواست جمع کرادی گئی ۔غداری کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ۔ مسلم کانفرنس حلقہ 6کے صدر سید تصور عباس موسوی نے عوام علاقہ حلقہ 6کی جانب سے تھانہ گڑھی دوپٹہ میں مقدمہ کے اندراج کیلئے درخواست جمع کرادی ہے ۔

درخواست جمع کرانے کے بعد سید تصور عباس موسوی نے صحافیوں کودرخواست کے مندرجات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ درخواست میں عوام کی طرف سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سابق نااہل وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے اپنے وزارت عظمیٰ کے دور میں مملکت پاکستان اور آزادکشمیر کے عوام خلاف اور ریاستی مفادات کیخلاف سنگین جرائم کا ارتکاب کیا ۔

(جاری ہے)

واقعہ ڈان لیکس سے ملکی سلامتی کو شدید دھچکا لگا ۔

نواز شریف نے کشمیریوں کے دشمن مود ی سے نہ صرف دوستی کی بلکہ ذاتی حیثیت سے مدعو بھی کیا۔ اب ملک دشمنی میں آخری حدوں کو چھوتے ہوئے واقعہ ممبئی پر انتہائی متنازعہ صحافی کو غیر ذمہ دارانہ اور گمراہ کن انٹرویو دیا۔ تحریک آزادی نازک مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اس موقع پر نہ صرف ملک پاکستان کیساتھ بلکہ کشمیر کیساتھ بھی گھنائونی سازش کی گئی ہے ۔ لہٰذا ملزم میاں نواز شریف کیخلاف آرٹیکل ’’6‘‘کے تحت غداری کا مقدمہ درج کیا جائے ۔