لاہور، ٹرمپ کی قیادت میں امریکہ مکمل طور پر صہیونیت کی گود میں گر گیاہے،لیاقت بلوچ

ترکی نے بروقت اوآئی سی کا اجلاس بلایا ہے ، عالم اسلام کی قیادت وقت گزاری اور غیر موثر بیانیہ کی بجائے فلسطین ،کشمیر ،شام ، روہنگیا ، یمن کے مسائل کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات کریں، سیکرٹری جنرل متحدہ مجلس عمل

جمعہ 18 مئی 2018 19:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مئی2018ء) جماعت اسلامی پاکستان اور متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل،سابق ممبر قومی اسمبلی لیاقت بلوچ نے مقبوضہ بیت المقدس میں امریکی سفارتخانہ منتقل کرنے کے اقدام کو مسلم دشمنی ، عالمی فساد اور مذاہب کے درمیان نئی کشمکش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ کی قیادت میں امریکہ مکمل طور پر صہیونیت کی گود میں گر گیاہے ۔

ترکی نے بروقت اوآئی سی کا اجلاس بلایا ہے ۔ عالم اسلام کی قیادت وقت گزاری اور غیر موثر بیانیہ کی بجائے فلسطین ،کشمیر ،شام ، روہنگیا ، یمن کے مسائل کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات کریں ۔ عالم اسلام فلسطینیوں کی تحریک آزادی کے ساتھ ہے ۔ عالمی ادارے مسلم دشمنی ترک کریں اور انصاف و انسانی بنیادوں پر اقدامات کریں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد اعلیٰ میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

لیاقت بلوچ نے بلوچستان میں کرنل سہیل عابد کی شہادت پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ فوج ، سیکورٹی فورسز اور ادارے لازوال قربانیاں دے رہے ہیں ۔ ریاست اور سیاست میں بے وقت کا تصادم دہشتگردوں کے لیے ریڈ کارپٹ بچھ گیاہے ۔ امن کے لیے ہزاروں انسانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانی چاہئیں ۔ قومی بیانیہ اور اقدامات قومی سلامتی کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنائے جائیں ۔

لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ روزہ اسلام کا بنیادی رکن اور بندگی ٴرب کا اہم فریضہ ہے ۔ ماہ رمضان کا احترام اور عبادات کے ذریعے توبہ و استغفار جنت کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے ۔ تقویٰ ہر نیکی کی بنیاد ہے ۔ ماہ مبارک میں مہنگائی ، ذخیرہ اندوزی اور اصراف اسلامی تعلیمات کے منافی ہے ۔ ماہ رمضان انفاق فی سبیل اللہ کا مہینہ ہے ۔ مخیر حضرات مستحق افراد کی مدد کو یقینی بنائیں ۔انہوں نے کہاکہ ملک کو معاشی بحرانوں سے نکالنے کے لیے کرپشن ، سود اور بیرونی قرضوں کی لعنت سے نجات دلانا ہوگی ۔ قرضے بے تحاشہ بڑھتے جارہے ہیں ۔ قرضوں سے ملکی معیشت اور عوام کے لیے نقصانات بڑھتے جارہے ہیں ۔ اس کا ازالہ اسلامی معاشی نظام ہی ہے ۔