بھارت پاکستان کی سرحدی خلاف ورزی اور گولہ باری سے پاک فوج اور کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں کرسکتا ‘

بھارت کی طرف سے کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ بین الاقوامی چارٹر کی خلاف ورزی اور ہیومن کرائم ہے پاکستان مسلم لیگ (ن) اوورسیز کے رہنما راجہ ظہیر عباس کی بات چیت

ہفتہ 19 مئی 2018 22:35

اسلام گڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ ن اوورسیز کے رہنما راجہ ظہیر عباس نے کہاہے کہ بھارت پاکستان کی سرحدی خلاف ورزی اور گولہ باری سے پاک فوج اور کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں کرسکتا ۔بھارت کی طرف سے کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ بین الاقوامی چارٹر کی خلاف ورزی اور ہیومن کرائم ہے ۔ اقوام متحدہ ابزرور مشن کنٹرول لائن پر آباد شہری آبادیوںاور چیک پوسٹ پر فائرنگ سے بھارت کو باز رکھے اور شہری آبادیوں کو گولہ باری سے محفوظ بنانے کے اقدامات کرے ۔

بھارتی فوج کی دہشت گردی سے کنٹرول لائن پر آباد شہری آبادیوں کے حوصلے پست نہیں ہوسکتے کنٹرول لائن پر آباد شہریوں کے حوصلے بلند ہیں ۔ وہ بھارتی حکمرانوں کی طرف سے خوف و ہراس پھیلانے کے تمام ہتھکنڈوں سے خوفزدہ نہیں ہو تے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارانہوںنے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ راجہ ظہیر عباس نے کہا کہ تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی حکومت اور عوام مقبوضہ کشمیر سے بھارت کے غیر قانونی تسلط کے خاتمہ کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کرتے رہیں گے اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کیے حصول تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ آزاد خط کی حکومت اور عوام مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور تحریک آزادی کے کسی بھی لمحے اپنی تنہائی کا احساس نہیں ہونے دیں گے ۔ حق خود ارادیت کشمیریوں کی منزل ہے منزل کے حصول تک کشمیریوں کی جد وجہد کو سرد نہیں کیا جا سکتا ۔انہوں نے کہا کہ ہمیںاقوام متحدہ کے رویے سے مایوسی ہوئی ہے کہ اس ادارے نے کشمیریوں کی آزادی کے لیے ابھی تک کوئی ٹھوس لائحہ عمل نہیں اپنایا۔انہوںنے کہاکہ کسی قوم کے مستقبل اور آزادی کی جدوجہد کو سازشوں اور بیرونی قوتوں کے بل بوتے پر روکا نہیں جا سکتا ۔