انتخابات کے شیڈول کا اعلان رواں ماہ کے آخری ہفتے متوقع ،تاریخ میں پہلی بار 55دن کا انتخابی شیڈول جاری کیا جائیگا

ووٹر فہرستوں پر نظر ثانی مہم کے بعد پاکستان میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 10 کروڑ 42 لاکھ 67 ہزار 581 ہو گئی ووٹرز کی حتمی فہرست 31 مئی تک جاری کردی جائے گی،لگ بھگ 22 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے جائینگے

ہفتہ 19 مئی 2018 22:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2018ء) عام انتخابات کے شیڈول کا اعلان رواں ماہ کے آخری ہفتے میں متوقع ہے جس میں ملکی تاریخ میں پہلی بار 55 دن کا انتخابی شیڈول جاری کیا جائے گا۔میڈیا رپورٹ میں الیکشن کمیشن حکام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ماضی میں 48 دن کا انتخابی شیڈول جاری کیا جاتا رہا ہے لیکن آئندہ عام انتخابات کے شیڈول میں 7 روز زیادہ دیئے جائیں گے۔

حکام نے کہا کہ انتخابی دن سے 28 دن قبل امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی جائے گی، امیدواروں کو انتخابی مہم کے لیے 21 کی بجائے 28 دن دیئے جائیں گے، جبکہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی انتخابی روز سے 28 روز قبل شروع ہوجائے گی۔الیکشن کمیشن حکام کے مطابق آئین کے تحت الیکشن کمیشن کو 31 جولائی تک ہر صورت انتخابات کرانا ہوں گے، 55 دنوں پر مشتمل انتخابی شیڈول کا اعلان پولنگ ڈے سے 60 روز قبل متوقع ہے، آئندہ عام انتخابات کے لیے 25 سے 31 جولائی کے درمیان کی تاریخ رکھی جائے گی جبکہ عام انتخابات کے شیڈول کا اعلان رواں ماہ کے آخری ہفتے میں متوقع ہے۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں ووٹر فہرستوں پر نظر ثانی مہم کے بعد پاکستان میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 10 کروڑ 42 لاکھ 67 ہزار 581 ہو گئی ہے۔مرد ووٹرز کی تعداد 5 کروڑ 84 لاکھ 63 ہزار 228 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 4 کروڑ 58 لاکھ 4 ہزار 353 ہے۔نئے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں مرد اور خواتین ووٹرز کے فرق میں بھی اضافہ ہوا ہے اور نئی ووٹر فہرستوں میں مرد اور خواتین ووٹرز کی تعداد میں ایک کروڑ 26 لاکھ 58 ہزار 875 کا فرق موجود ہے۔

الیکشن کمیشن حکام نے بتایا ہے کہ جولائی 2018 کے عام انتخابات کے لیے ووٹرز کی حتمی فہرست 31 مئی تک جاری کردی جائے گی۔نئے ووٹرز کی رجسٹریشن، تبدیلی، منتقلی، اندراج اور اخراج کے لیے 30 اپریل تک کا وقت دیا گیا تھا، اس وقت نئی انتخابی فہرستوں پر کام جاری ہے اور حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ آئندہ عام انتخابات کے لیے رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ساڑھے 10 کروڑ سے زائد ہونے کا امکان ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے لیے لگ بھگ 22 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے جائیں گے۔پورے ملک میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے لیے ریٹرننگ افسران اور ڈپٹی ریٹرننگ افسران کی تعیناتی کا عمل مکمل ہوچکا ہے اور تربیت یافتہ انتخابی عملے نے عام انتخابات کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔الیکشن کمیشن حکام نے امید ظاہر کی کہ رواں ماہ کے آخری ہفتے میں عام انتخابات کے لیے حتمی پولنگ اسکیم کا بھی اعلان کردیا جائے گا، انتخابات کے لیے تقریبا 90 ہزار پولنگ اسٹیشنز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پورے ملک میں قومی اسمبلی کے 272 حلقوں پر عام انتخابات ہوں گے۔قومی اسمبلی کے 272 حلقوں میں خیبر پختوںخوا ہ کے 39، فاٹا کے 12، اسلام آباد کے 3، پنجاب کے 141، سندھ کے 61 جبکہ بلوچستان کے 16 حلقے شامل ہیں۔