سرگودھا فیصل آباد روڈ پر تیز رفتار ڈمپر نے رکشہ کچل دیا‘

8 مسافر جاں بحق ایک زخمی خاتون سمیت تین افراد موقع پرجاں بحق اور 6 شدید زخمی ہوئے ‘ پانچ زخموں کی تاب لاتے ہوئے یکے بعد دیگرے دم توڑ گئے

پیر 21 مئی 2018 12:03

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2018ء) سرگودھافیصل آباد روڈ پر بے قابوہو کر الٹنے والے چنگ چی رکشہ کو تیز رفتار ڈمپر نے کچل دیا جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 8 مسافر جاں بحق ہو گئر جبکہ ایک زخمی کو تشویسناک حالت میں ڈی ایچ کیو سرگودھا منتقل کر دیا گیا۔ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا ۔زرائع کے مطابق سرگودھا فیصل آباد روڈ پر پل 111 سے لالیاں سواریاں لے کر جانے والا چنگ چی رکشہ چک 110جنوبی کے قریب اچانک بے قابو ہو کر الٹ گیا کہ پیچھے سے آنے والے تیز رفتار ڈمپر TKF712 نے اس رکشہ کو روند ڈالا جس میں خاتون سمیت تین افراد موقع پرجاں بحق اور 6 شدید زخمی ہوئے جن میں پانچ زخموں کی تاب لاتے ہوئے یکے بعد دیگرے دم توڑ گئے۔

اس حادثہ میں رکشہ ڈرائیور سیف اللہ سکنہ معظم آباد، جنتاں بی بی ،طالب حسین، امتیاز سکنہ لالیاں،محمدا کبر سکنہ 45جنوبی، سہیل سکنہ 110چک ،خالد ،سرفراز جان بحق جبکہ علی حسنین زخمی ہو گے۔

(جاری ہے)

جس کو فوری طبی امداد کے بعد ٹی ایچ کیو سے تشویشناک حالت میں سرگودھا ڈی ایچ کیوہسپتال منتقل کر دیا گیا، حادثہ اس قدر شدید تھا کہ رکشہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا، جبکہ ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔

پولیس تھانہ عطاء شہید نے فوری طور پر تفتیش کرتے ہوئے ضروری کاروائی کے بعد متوفین کی نعشیں ورثاء کے حوالے کر دیں جن کی معتیں اچانک گھروں میں پہنچیں تو ہر گھر میں کہرام مچ گیا ۔جہاں ہر آنکھ اشکبار تھی ۔متوفین کو ان کے آبائء مقامات پر سپرد خاک کر دیا گیا۔پولیس نے ڈمپر تحویل میں لے کر مقدمہ درج کر لیا ہے۔