آزادی کیلئے کشمیریوں کی چوتھی نسل سڑکوں پر ہے، میرواعظ

میرواعظ مولوی محمد فاروق ،عبدالغنی لون اور شہداء حول کو شاندار خراج عقیدت

منگل 22 مئی 2018 16:40

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے کہا ہے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کیلئے جدوجہد کی قیادت کرنے پر ان کی طرح ہزاروں کشمیریوں کو اپنے والد کی محبت سے محروم کردیا گیا ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق میرواعظ نے اپنے والد کے 28ویں یوم شہادت پر سوشل میڈیا پر براہ راست خطاب کرتے ہوئے 21مئی 1990ء کے حول قتل عام کو کشمیر کا جلیانوالہ باغ قراردیا۔

انہوں نے کہا کہ جب ہم شہداء اور شہید ملت میرواعظ مولوی محمد فاروق کی بات کرتے ہیں تو کشمیریوں کے پیدائشی حق ، حق خود ارادیت کے لیے لاکھوں افراد نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ کشمیریوں کی چوتھی نسل سڑکوں پر ہے اور اس کاروان میں ہزاروں افراد نے اپنی جانیں قربان کی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے میرواعظ مولوی محمد فاروق کی شہادت کے بعد پیش آنے والی مشکلات کا ذکرتے ہوئے کہا کہ میری کہانی ان لاکھوں کشمیریوں کی طرح ہے جنہوں نے جدوجہد آزادی میں اپنے پیاروں کو کھودیا ہے اور میں ان کی تکلیف کو محسو س کرسکتا ہوں۔

ہرکوئی بیٹا اپنے والد کی سرپرستی اور سرپر ہاتھ چاہتا ہے اور میں ان لاکھوں افرادکی تکلیف کو سمجھ سکتا ہوں جنہیں ان کے والد کے پیار سے محروم کیاگیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ان کے والد نے 1963ء سے اپنی شہادت 1990تک کشمیری عوام کے جذبات کی بہترین ترجمانی کی ہے۔انہوں نے کہاکہ میرواعظ مولوی فاروق نے ہی یہ نعرہ ایجاد کیا تھا کہ ’’یہ ملک ہمارا ہے ، اس کا فیصلہ ہم کریں گے‘‘۔

انہوں نے حول قتل عام میں شہید ہونے والے دیگر70افرادکو بھی شاندار خراج عقیدت پیش کیاہے۔ دریں اثناء امت اسلامی کے سربراہ قاضی یاسر نے جنوبی کشمیر کے علاقے کمد میں ایک مذہبی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ میرواعظ مولوی محمد فاروق اور عبد الغنی لون نے کشمیر کی آزادی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم پر فرض ہے کہ ہم ان کے مشن کو اپنے منطقی انجام تک پہنچائیں۔