کراچی، بااثر لینڈ مافیا نے اینٹی انکروچمنٹ پولیس کی مدد سے غریب محنت کشوں کے پلاٹ پر قبضہ کرلیا

منگل 22 مئی 2018 17:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2018ء) بااثر لینڈ مافیا نے اینٹی انکروچمنٹ پولیس کی مدد سے غریب محنت کشوں کے پلاٹ پر قبضہ کرلیا، علاقہ مکینوں کی طرف سے کڑی دھوپ میں احتجاجی مظاہرہ، بااثر لینڈ مافیا اور اینٹی انکروچمنٹ پولیس کی ناجائزی کا نوٹس لیا جائے، مطالبہ: تفصیلات کے مطابق ابراہیم حیدری کے علی اکبر شاہ گوٹھ کے قریب عثمان ٹائون کے سیکٹر 50/C میں علاقہ مکینوں کے 1150 گز سے زائد پلاٹ پر بااثر لینڈ مافیا نے اینٹی انکروچمنٹ پولیس کی مدد سے قبضہ کر لیا ہے۔

اس سلسلے میں علاقہ مکینوں ابو سعید، نور جبار، عبدالمجید طاہر، مریم، جمیلہ و دیگر کا کہنا ہے کہ مذکورہ پلاٹ گذشتہ 40 سالوں سے الاہیہ مسجد کا حصہ رہا ہے، لیکن کچھ روز سے بااثر لینڈ مافیا سرغنہ سجاد اختر، محمد اسحاق عرف جاوید، محمد سیف، سلمان ہاشمی، محمد الیاس و دیگر نے اینٹی انکروچمنٹ پولیس کی مدد سے مذکورہ پلاٹ پر قبضے کا سلسلہ شروع کردیا ہے اور انہوں نے مذکورہ پلاٹ کے جعلی کاغذات تیار کراکر ہم علاقہ مکینوں سے پلاٹ پر مالکی کا حق چھینا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ اینٹی انکروچمنٹ پولیس کی طرف سے ایک ماہ کے دوران پلاٹ کے دو مالکان پروین اختر اور خالد محمود کے نام سے الگ الگ کاغذات مہیا کر کے ہمیں پلاٹ خالی کرنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ بااثر لینڈ مافیا کو زمان ٹائون پولیس کا بھی مکمل طور تعاون حاصل ہے اور وہ ہم غریب مکینوں کو ہراساں کرنے کیلئے ہر وقت پلاٹ خالی کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ، آئی جی سندھ پولیس اور ڈی جی رینجرز سے مطالبہ کیا کہ الاہیہ مسجد کے پلاٹ سے فوری طور پر ختم کر اکر قبضہ کرنے والے لینڈ مافیا سرغنائوں کیخلاف قانونی کاروائی کر کے اینٹی انکروچمنٹ زمان ٹائون پولیس کو اپنا قبلہ درست کرنے کی ہدایات جاری کی جائیں۔

متعلقہ عنوان :