اے این ایف نے 21 ملک گیر کاروائیوں کے دوران 3 ٹن منشیات کی بڑی کھیپ قبضے میں لے لی

منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث 22 ملزمان گرفتار، 11گاڑیاں ضبط

جمعرات 24 مئی 2018 18:28

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2018ء) منشیات کی ترسیل و استعمال کے خلاف عدم برداشت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان نے 21ملک گیر کاروائیوں کے دوران 2ارب 28کروڑ روپے بین الاقوامی مالیت کی3 ٹن منشیات برآمد کر لیں جبکہ منشیات اسمگلنگ میں ملوث 22ملزمان کوگرفتاراور11 گاڑ یاںبھی برآمد کر لی گئی۔ برآمد شدہ منشیات میں 2940 کلو گرام چرس،53.5 کلو گرام افیون، 8.65کلوگرام ہیروئن، 3.33کلو گرام ایمفیٹا مائن اور 1.24 کلو گرام میتھ ایمفیٹامائن شامل ہے۔

"منشیات سے پاک معاشرہ-" جیسے عظیم مقصد کے حصول کے لئے اے این ایف کوئٹہ نے کلہ عبداللہ اور پشین کے علاقوں میں منشیات سے متعلق معلومات جمع کر کے خفیہ اطلاعات پر مبنی 2الگ الگ کاروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 1757 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق اے این ایف کوئٹہ نے تحصیل گلستان، ضلع کلہ عبداللہ کے علاقے کلی دامان میں واقع ایک غیر آباد گھر پر چھاپہ مار کر وہاں پر چھپائی گئی956 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔

دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف کوئٹہ نے تحصیل و ضلع پشین کے علاقے کلی مسافر میں ایک برساتی نالے کے قریب چھپائی گئی 801 کلو گرام چرس برآمد کرلی۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق برآمد شدہ منشیات کسی دیگر گروہ کے حوالے کرنے کی غرض سے چھپائی گئی تھی اور مناسب موقع پر اندرون و بیرون ملک اسمگل کی جانی تھی۔ جڑواں شہروں اور پوٹھوہار ڈویژن میں منشیات کے استعمال کی سنگینی کو سمجھتے ہوئے اے این ایف راولپنڈی نے نیواسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کاروائی کے دوران بذریعہ پرواز نمبر EK-613 سعودی عرب جانے والے سیالکوٹ کے رہائشی شہباز عارف نامی مسافر کو تحویل میں لیکر دوران تلاشی اس کے سوٹ کیس میں چھپائی گئی 1.050 کلو گرام ہیروئن برآمد کرلی ۔

مزید تفتیش کرنے پر مسافر نے اپنے پیٹ میں ہیروئن بھرے کیپسولوں کی موجودگی کا بھی اعتراف کیا۔جس پر اسے ہسپتال منتقل کر کے اس کے پیٹ سے 198 ہیروئن بھرے کیپسول برآمد کئے گئے جن سے بعد ازاں 1.24 کلو گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے برھان انٹرچینج، اٹک کے قریب ایک ہنڈا سٹی کارکو قبضے میں لیکر دوران تلاشی گاڑی کے خفیہ خانوں سے 49.2 کلوگرام چرس، 11.5 کلو گرام افیون اور2.1 کلو گرام ہیروئن برآمد کر لی۔

موقع پر موجود خیبر ایجنسی کے رہائشی اورنگزیب نامی ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جبکہ اس کی خاتون ساتھی پاکپتن کی رہائشی صغراں مشتاق کو گرفتار کر لیا گیا۔تیسری کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے G-11 مرکز، اسلام آباد میں واقع تہذیب بیکرز کے قریب ایک سوزوکی ویگن آر گاڑی کو روک کر دوران تلاشی گاڑی کی فرنٹ سیٹوں میں چھپائی گئی 3.3 کلو گرام چرس برآمد کر کے خیبر ایجنسی کے رہائشی ظفر شاہ اور اسلام آباد کے رہائشی محمد جواد نامی 2 ملزمان کو موقع پر گرفتار کر لیا۔

چوتھی کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے الہدیٰ انٹرنیشنل سکول، جی الیون مرکز، اسلام آبادکے قریب اسلام آباد کے رہائشی محمد اعجاز نامی ملزم کے ذاتی قبضے سے 2.4 کلوگرام چرس برآمد کر کے اسے گرفتار کر لیا۔پانچویں کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے ایف الیون مرکز، اسلام آباد میں واقع گلوریا جینز کافی شاپ کے قریب ایک ہنڈا موٹرسائیکل کو روک کر اس پر سوار گجرانوالہ کے رہائشی محمد کاشف اور فیصل آباد کے رہائشی محمد نفیس نامی 2 ملزمان کے قبضے سے 3.3 کلوگرام چرس برآمد کر کے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

صوبہ پنجاب میں منشیات کی روز بروز بگڑتی ہوئی صورتحال پر عملدرآمد کرتے ہوئے اے این ایف لاہور نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر واقع ایک نجی کوریئر کمپنی کے ذریعے آسٹریلیا بھیجے جانے والے ایک پارسل کو قبضے میں لیکر اس میں چھپائی گئی 470 گرام ہیروئن برآمد کر لی۔ مذکورہ منشیات بچوں کی 2 عدد مچھر دانیوں میں انتہائی مہارت سے چھپائی گئی تھیں۔

دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے موٹروے ٹول پلازہ، گوجرہ کے قریب ایک ہنڈا سٹی کار کو روک کر دوران تلاشی گاڑی کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 42 کلو گرام افیون برآمد کر کے صوابی کے رہائشی نعیم خان اور کامل نامی 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔تیسری کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے شاہ رخِ عالم موٹروے انٹرچینج ، ملتان کے قریب ایک ٹرک کو روک کر دوران تلاشی ٹرک کے خفیہ خانوں سے 6 کلو گرام چرس برآمد کر کے پشاور کے رہائشی بشیر خان اور محمد یوسف خان نامی 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

چوتھی کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے کالج روڈ، لاہور پر واقع غازی چوک کے قریب لاہور کے رہائشی محمد شبیر نامی موٹرسائیکل سوار کو روک کر اس کے قبضے سے 10.8 کلو گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔پانچویں کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے اوخلی موحلہ، خوشاب کے علاقے ڈیرہ ملک نور محمد کے قریب خوشاب کے رہائشی محمد ریاض نامی موٹرسائیکل سوار کو روک کر اس کے قبضے سے 2 کلو گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

افغانستان کے قریب واقع ہونے کی وجہ سے خیبر پختونخواہ خصوصی توجہ کا مستحق ہے، تاہم اے این ایف پشاور نے گھمبٹ کے قریب کوہاٹ پنڈی روڈ پر خفیہ اطلاع پر مبنی کاروائی کے دوران بھاری مقدار میں چرس برآمد کر لی۔تفصیلات کے مطابق، اے این ایف کو منشیات کی بھاری کھیپ اسمگل کرنے کی ایک خفیہ اطلاع موصول ہوئی جس کے پیش نظر اے این ایف پشاور کی ٹیم نے گھمبٹ کے قریب کوہاٹ پنڈی روڈ پر ناکہ بندی کر کے ایک نیسان تار کول ٹینکر کو روک کر دوران تلاشی اس کے خفیہ خانوں میں انتہائی مہارت سے چھپائی گئی 1100 کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کر لی جبکہ گاڑی میں موجود پشاور کے رہائشی بشیر اللہ اور ژوب کے رہائشی فضل رحمان اور نصراللہ کو گرفتار کر لیا۔

دوسری کاروائی کے دوران ،اے این ایف پشاور نے پشاور انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بذریعہ پرواز نمبر NL-723 راس الخیمہ (متحدہ عرب امارات) جانے والے مردان کے رہائشی شوکت نامی مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران اس کے سامان میں موجود 2 عدد ڈبوں سے 1.24 کلو گرام میتھ ایمفیٹا مائن برآمد کر لی۔ تیسری کاروائی کے دوران، اے این ایف پشاور نے پرواز نمبر NL-721سے سعودی عرب روانہ ہونے والے سوات کے رہائشی نور محمد کو پشاور انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے گرفتار کر کے ملزم کے پاس موجود گنے کے ٹکڑوں میں چھپائی گئی 1.86 کلوگرام ایمفیٹا مائن برآمد کر لی۔

چوتھی کاروائی کے دوران ، اے این ایف پشاور نے موٹروے ٹول پلازہ ،پشاور کے قریب سے ایک مسافر وین میں سوار پشاور کے رہائشی اعجاز بیگ کو گرفتار کر کے اس کے جوتوں میں چھپائی گئی 600 گرام چرس برآمد کر لی۔ پانچویں کاروائی کے دوران، اے این ایف پشاور ایک مسافر ہائی ایس میں سوار خیبر ایجنسی کے رہائشی سپاہی فیاض احمد کو موٹروے ٹال پلازہ پشاور کے قریب سے گرفتار کر کے اس کے پاس موجود جوس کے ڈبوں اور پانی کے کولر میں چھپائی گئی 3.3 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔

چھٹی کاروائی کے دوران، اے این ا یف پشاور نے پرواز نمبر G9-555 سے شارجہ روانہ ہونے والے چارسدہ کے رہائشی عبدالرحمان کو پشاور انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے گرفتار کر کے اس کے پاس موجود ٹافیوں کے 5 پیکٹوں میں چھپائی گئی 1.478 کلوگرام ایمفیٹا مائن برآمد کر لی۔ پاکستان کی سب سے اہم بندرگاہ جس کے ذریعے اہم ترین تجارت عمل میں آتی ہے ، کو منشیات کی ترسیل سے محفوظ رکھنے کی غرض سے اے این ایف کراچی نے کلفٹن کراچی میں واقع ایک کورئیر سروس کمپنی کے دفتر سے برطانیہ کے لئے بُک کئے گئے شرٹوں کے گتوں اور خشک میوہ جات کے ٹرے میں چھپائی گئی 2.57 کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی۔

دوسری کاروائی کے دوران ، اے این ایف کراچی نے قائد اعظم پارک سٹاپ، سٹیل ٹائون، کراچی کے قریب سے کراچی کے رہائشی ایک موٹر سائیکل سوار فاروق خان کو حراست میں لے کر اس کے سامان میں چھپائی گئی 6 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔ تمام مقدمات اے این ایف کے متعلقہ تھانوں میں درج کر لئے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔