میجر گوگوئی کو پھانسی پر لٹکایا جائے ۔ مفتی ناصرالاسلام

جمعہ 25 مئی 2018 15:57

سری نگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر کے نامزد مفتی اعظم مفتی ناصر الاسلام نے کہا ہے کہ سرینگر کے ایک ہوٹل سے گرفتارکیے جانے والے بھارتی فوج کے میجر لیتول گوگوئی کو پھانسی پر لٹکایا جائے ۔ کشمیر میڈیاسرو س کے مطابق مفتی ناصر الاسلام نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فوج کشمیریوں کے معاشرتی اقدار کی پرواہ نہ کرتے ہوئے مقبوضہ علاقے میں بے راہ روی پھیلانے اور یہاں کی معاشرتی روایات کو توڑنے کی کوشش کررہی ہے ۔

انہوںنے کہا کہ اگر قابض فوج اپنی اس کوشش میں کامیاب ہو گئی تو پھر کشمیریوں کی اجتماعیت کو تتر بتر ہونے سے کوئی نہیں بچا سکتا۔انہوںنے کہا کہ بھارت کا اصل ہدف کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانا ہے اور میجر گوگوئی اس مذموم منصوبے کو مختلف اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے آگے بڑھا رہا ہے۔

(جاری ہے)

مفتی ناصر الاسلام نے کہا کہ گوگوئی نے گزشتہ برس فاروق احمد ڈار نامی ایک کشمیری نوجوان کو اپنی جیپ کے بونٹ کے ساتھ باندھ کر اسے انسانی ڈھال کے طو رپر استعمال کیا تھا اور اب وہ ایک غریب کشمیری خاندان کی کمسن بچی کا استحصال کرتے ہوئے پکڑا گیا۔

انہوںنے کہا کہ بھارتی میجر نے نہ رمضان کے متبرک مہینے اور نہ ہی یہاں کے معاشرتی اقدار کا خیال رکھا کیونکہ اسکا واحد مقصد یہاں اخلاقی بے راہ روی پھیلانا اور کشمیریوں کا استحصال کرنا ہے۔ نامزد مفتی اعظم نے کہاکہ اخلاق سوز اور وحشیانہ حرکات پر میجر گوگوئی کو فوری طور پر پھانسی پر لٹکایا جانا چاہیے۔