یوم تکبیر کے موقع پر مظفرآباد میں مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام تقریب کا انعقاد کیا گیا

پیر 28 مئی 2018 18:40

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 مئی2018ء) یوم تکبیر کے موقع پر ملک بھر سمیت آزادکشمیر میں بھی تقریبات کا انعقاد کیا گیا، دارالحکومت مظفرآباد میں مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری و منتظم تقریب چوہدری احسن منظور، راجہ بلند اقبال، خواجہ اعجاز زرگر، طارق اقبال بٹ، نعمان شیخ، ارسلان میر، یاسر میر یابی، خواجہ عامر پنڈت، خواجہ عباس، افتخار میر، ملک نوید کے علاوہ مسلم لیگی عہدیداران و کارکنان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر کیک بھی کاٹا گیا اور ملک کو ایٹمی طاقت بنانے پر سابق وزیراعظم ، قائد پاکستان مسلم لیگ ن میاں محمد نوازشریف کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیاجنہوں نے تمام تر عالمی دبائو کو مسترد کرتے ہوئے 28 مئی 1998 کو چاغی کے مقام پر ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کو عالم اسلام کی اولین اور واحد ایٹمی مسلمہ قوت بنا کر تاریخ ساز کارنامہ سرانجام دیا جس کی وجہ سے دنیا بھر میں مسلمان میاں محمد نوازشریف کو عالم اسلام کا ہیرو اور جرات مند لیڈر سمجھتے ہیں۔

(جاری ہے)

تقریب میں قائد پاکستان مسلم لیگ ن میاں محمد نوازشریف سمیت ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبد القدیر خان کی خدمات کو بھی سراہا گیا۔ جنہوں نے قوم کو ایٹم بم کا تحفہ دے کر دشمنوں کے مدمقابل ناقانل تسخیر قوت بنادیا ۔ اس موقع پر موجود شرکاء نے کہا کہ عظیم قومیں اپنے ہیروز کو فراموش نہیں کرتی ہیں اور ہمارے یوم تکبیر منانے کا مقصد بھی اپنے قومی ہیروز کی خدمات کو اجاگر کرنا ہے ہم زندہ قوم ہیں اور ہمارے جذبے بھی زندہ ہیں اور کوئی بھی زندہ قوم اس کے تاریخی دنوں کے ذریعے اپنے جذبوں کا اعادہ کرتی ہے اور دشمن کو پیغام دیتی ہے ہے کہ قوم کا بچہ بچہ جاگ رہا ہے ۔

کیک کاٹنے کی تقریب محلہ شاہناڑہ میں منعقد ہوئی جہاں مسلم لیگ ن کے کارکنان نے بھرپور جوش و جذبہ سے یوم تکبیر کی تقریب منعقد کی اور قومی ہیروز کو خراج تحسین پیش کیا اس موقع پر ملک کی سلامتی، کشمیر کی آزادی کیلئے بھی دعائیں مانگی گئیں۔