کوٹلی میں لووڈ شیڈنگ کا دورانیہ سولہ گھنٹے سے تجاوز

جمعہ 1 جون 2018 14:55

کوٹلی ۔ یکم جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2018ء) کوٹلی میں لووڈ شیڈنگ سولہ گھنٹے سے تجاوز کر گئی ۔ اوقات سحر ، افطار اور نماز تراویح کے دوران بھی بجلی بند۔ انجمن تاجراں کوٹلی نے بڑے احتجاجی مظاہرے کی تیاری شروع کر دی ہے ۔ سوموار تک لائحہ عمل کا اعلان کر دیا جائے گا ۔ تفصیلات کے مطابق کوٹلی میں لووڈ شیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے ۔

واپد نے ٹائم شیڈول سے ہٹ کر بے تحاشہ فورسڈ لووڈ شیڈنگ شروع کر رکھی ہے ۔ سحری کے وقت رات دو بجے سے اذان تک بجلی بند رہتی ہے ۔ پورا دن بجلی کا آنا جانا لگا رہتا ہے ۔ شدید گرمی میں روزے داروں ، بیماروں ، بوڑھوں اور بچوں کی حالت ابتر رہتی ہے ۔ افطار ی اور تراویح کے وقت پھر بجلی بند ۔ شہری عاجز آچکے ہیں ۔

(جاری ہے)

مرکزی انجمن تاجراں کے صدر ملک محمد یعقوب خان نے کوٹلی میں بڑے احتجاجی مظاہرے کے لئے رابطے شروع کر دئیے ہیں ۔

سوموار تک احتجاجی لائحہ عمل کا اعلان کر دیا جائے گا ۔ انھوںنے بتایا کہ اگر سوموار تک صورتحال بہتر نہ ہوئی تو کوٹلی میں بڑا احتجاجی مظاہرہ منعقد کریں گے ۔ جملہ تنظیموں اور عوام الناس کی بڑے پیمانے پر شرکت یقینی بنانے کے لئے تمام مساجد میں اعلانات کرواکر عوام کو شہید چوک میں جمع کریں گے ۔ بڑے پیمانے پر جلسہ و جلوس منعقد کرینگے۔

متعلقہ عنوان :