Live Updates

بلوچستان کی حکومت کا تختہ الٹانے والوں کا پتا کرلو،نوازشریف

بلوچستان میں الیکشن ملتوی کروانے کی قراردادمنظورکی گئی،یہ کس کی زبان بول رہے ہیں؟ الیکشن میں ایک گھنٹے کی تاخیر بھی برداشت نہیں،جھوٹے خان اور دوسری پارٹیوں کو ڈرہے ن لیگ جیت جائے گی،عوام ناانصافی پرمبنی فیصلے کو ووٹوں سے بدل دیں گے۔عوامی جلسے سے خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 1 جون 2018 19:03

بلوچستان کی حکومت کا تختہ الٹانے والوں کا پتا کرلو،نوازشریف
فیصل آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ یکم جون 2018ء) :مسلم لیگ ن کے قائدم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ بلوچستان کی حکومت کا تختہ الٹانے والوں کا پتا کرلو، بلوچستان میں الیکشن ملتوی کروانے کی قراردادمنظورکی گئی،الیکشن ملتوی کروانے والے کس کی زبان بول رہے ہیں؟ الیکشن میں ایک گھنٹے کی تاخیر بھی برداشت نہیں،جھوٹے خان اور دوسری پارٹیوں کو ڈرہے ن لیگ جیت جائے گی،عوام ناانصافی پرمبنی فیصلے کو ووٹوں سے بدل دیں گے۔

انہوں نے آج فیصل آباد میں عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میاں فاروق کوٹکٹ ملنا چاہیے؟ میاں قاسم کو؟ دونوں میں کس کو ٹکٹ دینا چاہیے؟ عوام بتائیں کس کوٹکٹ دوں؟ آج 80ویں پیشی بھگت کے آرہاہوں۔ آج جب میں ڈجکوٹ آرہا تھا تو سوچ رہا تھا کہ کیوں پیشیاں بھگت رہے ہو؟کیا عوام نوازشریف سے محبت کرتے ہیں، 20،20گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کو ختم کیا، دہشتگردی کو ختم کیا، نوازشریف نے ایٹمی دھماکے کیے، ترقیاتی کام کیے اس لیے مقدمات بنائے گئے؟کون سی کرپشن کی ہے؟ ایک دھیلے کی بھی کرپشن دکھاؤ۔

(جاری ہے)

عوام مانتے ہیں کہ نوازشریف سے زیادتی ہوئی ہے۔فیصل آباد کے اردگرد ترقی ہورہی ہے۔ موٹرویز بنی ہیں کسان خوشحال ہے۔پاکستان خوشحالی کی طرف جا رہا تھا۔ایسے میں فیصلہ سنا دیا کہ نوازشریف نے تم نے بیٹے سے تنخواہ نہیں لی جاؤ چھٹی۔بولو!یہ فیصلہ غلط ہے ؟ اس فیصلے کو واپس ہونا چاہیے؟ کیا ہونا چاہیے اس کیلئے ؟ ووٹ کو عزت دینی ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ عوام کا ووٹ اس فیصلے کو واپس کر سکتا ہے۔

مجھے پتا ہے کہ آج بہت گرمی ہے ،میرا آپ کا ماتھا چومنے کو دل کرتا ہے کہ اتنی گرمی میں آپ بیٹھے ہوئے ہیں۔میں کہتا ہوں کہ اب موٹروے سیدھی فیصل آباد سے لاہور جانی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ شہبازشریف کا شکریہ اداکریں ۔ خیبرپختونخواہ میں عمران خان نے کیا بنایا ہے؟ وہاں لوگ کے پی حکومت کو کوستے ہیں۔خیبرپختونخواہ میں کوئی ایسا منصوبہ ہی نہیں جس کا افتتاح کیا جاسکے۔

ایک دو زنامکمل منصوبوں کا افتتاح کیا گیا۔سندھ بھی یہی حال ہے۔بلوچستان میں ایک منصوبہ ہے۔بلوچستان کی حکومت کا جس نے تختہ الٹایا اس کا پتا کرلو۔وہاں قرارداد منظور کی جاتی ہے کہ الیکشن میں تاخیر ہونی چاہیے۔ کہتے حج کے دن ہیں۔ پھر کہتے بارشوں کا مہینہ ہے ۔ کس کی زبان بول رہے ہو؟ہم الیکشن کو کبھی ملتوی نہیں ہونے دیں گے۔ الیکشن میں ایک دن کی تاخیردور کی بات ایک گھنٹے کی بھی تاخیر برداشت نہیں۔

انہوں نے کہاکہ الیکشن وقت پرہوگئے توجھوٹا خان، اور دوسری پارٹیوں والے ڈر رہے ہیں کہ الیکشن میں ن لیگ کامیاب ہوجائے گی۔آپ نے الیکشن کے دن صبح سے شام تک پہرہ دینا ہے جب تک نتائج نہیں آجاتے۔نوازشریف نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا وعدہ کیا توآج سحری اور افطاری میں بھی بجلی آرہی ہے۔نوازشریف نے کہا کہ دہشتگردی کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کرنست ونابود کیا۔انہوں نے کہاکہ اب اقتدار میں آکرنوجوانوں کو روزگار بھی ملے گا،چھت بھی ملے گی۔ لیکن اس کیلئے ووٹ عزت دینا ہوگی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات