Live Updates

مسلم لیگ(ن) اور پی ٹی آئی کے اندر کے کھوٹ کی وجہ سے کے پی اور پنجاب میں نگران وزیراعلیٰ کی تقرری پانی پت کی جنگ بن گئی ہے،نیر حسین بخاری

جمعہ 1 جون 2018 21:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جون2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) اور پی ٹی آئی کے اندر کے کھوٹ کی وجہ سے کے پی اور پنجاب میں نگران وزیراعلیٰ کی تقرری پانی پت کی جنگ بن گئی ہے۔ پی ٹی آئی کے طرز عمل پر تبصرہ کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ملک میں منصفانہ اور شفاف انتخابات کی خواہاں ہے اس لئے وفاق اور سندھ میں جہاں پاکستان پیپلزپارٹی کی فیصلہ کن نمائندگی ہے وہاں نگران وزیراعظم اور نگران وزیراعلیٰ کی تقرری عمل میں آ چکی ہے۔

(جاری ہے)

نیر بخاری نے کہا کہ پی ٹی آئی کا طرز عمل کبھی بھی سیاسی اور جمہوری نہیں رہا۔ یہی وجہ ہے کہ کے پی اور پنجاب میں نگران وزیراعلیٰ کی تقرری عمل میں نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ دراصل سارا مسئلہ عمران نیازی کی ذہنیت کا ہے کیونکہ انہیں اپنی ذات کے سوا کوئی شخص ایماندار نظر نہیں آتا۔ نیر بخاری نے کہا کہ ن لیگ اور پی ٹی آئی کے درمیان نورا کشتی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے کہ انہیں انتخابی نتائج چوری کرنے دئیے جائیں گے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے جیالے پوری طاقت سے دھاندلی کو روکنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔۔ طارق ورک وقار)
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات