جماعت اسلامی کے کارکن خوش نصیب لوگ ہیں جن کو اللہ نے منتخب کیا ‘دین کے حقیقی فہم حاصل کر کے اللہ کے اس دین کو مخلوق تک پہنچانے کا اہتمام کررہے ہیں

‘دجالیت کے عروج کے اس دور میں جو لوگ اللہ اور اللہ کے رسول ؐ کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے اس کے دین کی دعوت پھیلائیں گے وہی منتخب لوگ ہیں جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان کی بات چیت

ہفتہ 2 جون 2018 20:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 جون2018ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے کارکن خوش نصیب لوگ ہیں جن کو اللہ نے منتخب کیا اور دین کے حقیقی فہم حاصل کر کے اللہ کے اس دین کو مخلوق تک پہنچانے کا اہتمام کررہے ہیں ،دجالیت کے عروج کے اس دور میں جو لوگ اللہ اور اللہ کے رسول ؐ کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے اس کے دین کی دعوت پھیلائیں گے وہی منتخب لوگ ہیں ،اونٹ چرانے والے عرب کے بدو جب دین میں داخل ہوئے تو وہ دنیا کے حکمران بن گئے اور دنیا کو انہوں نے تہذیب سیکھائی،یہ وہ دور تھا جب بچیوں کو زندہ درگور کردیا جاتا تھا،قرآن کے طفیل رہتی دنیا تک مدینے کی ریاست ماڈل ریاست بن گئی ،ہم نے بھی اللہ کے حضور حاضرہونا ہے اور اپنے اعمال کا جواب دینا ہے ،ماہ صیام تربیت ہے باقی 11مہینے گزارنے کی اس میں نفس عمارہ کے خلاف جہاد کیا جاتا ہے ،ان خیالات کااظہار انہوں جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر ضلع اسلام آباد کے زیر اہتمام افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر کنونیئر کل جماعتی حریت کانفرنس غلام محمد صفی،امیر جماعت اسلامی ضلع اسلام آباد یاسین سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا ،افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ یہ نزول قرآن کا مہینہ ہے اس ماہ مبار ک میں قرآن کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط کریں ،ترجمہ کے ساتھ قرآن کا مطالعہ کریں اس کو اپنے قلب و روح میں اتاریں تا کہ یہ ہماری زندگی بدل دے ،انہوں نے کہاکہ سید مودودی ؒ،امام حسن البنا،سید قطب نے جس قافلے کا آغاز چند لوگوں سے کیا تھا وہ آج کروڑوں میں ہیں اور پوری دنیا میں دین کے غلبے اور قیام کی جدوجہد کررہے ہیں اس لیے اسلامی تحریک کو سیٹوں کی وجہ سے نہ مانپاجائے یہ غلبہ اسلام کی تحریک ہے اس موقع پر انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے اندر آج کشمیر ی موت سے بے خوف ہو کر ٹینکوں کے مقابلے میں پتھر لے کر کھڑے ہیں ایسی قوم کو کوئی شکست نہیں دے سکتا ،کشمیر کی آزادی نوشتہ دیوارہے۔