میرواعظ مولانا محمد یوسف شاہ کی تحریک آزادی اور الحاق پاکستان کے لئے گراں قدر خدمات ہیں‘ میرواعظ خاندان نے کشمیر میں پاکستان کا علم بلند رکھا

جموںوکشمیرلبریشن سیل کے زیر اہتمام میراوعظ کشمیر مولانا یوسف شاہ کی برسی کی تقریب سے مقررین کا خطاب

ہفتہ 2 جون 2018 20:30

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 جون2018ء) میرواعظ مولانا محمد یوسف شاہ کی تحریک آزادی اور الحاق پاکستان کے لئے گراں قدر خدمات ہیں۔ میرواعظ خاندان نے کشمیر میں پاکستان کا علم بلند رکھا۔ حکومت آزادکشمیر کی طرف سے میرواعظ کی خدمات کا اعتراف تحریک آزادی سے دلچسپی کا ثبوت ہے۔ مقبوضہ جموںوکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کی جائیں۔

ان خیالات کااظہار جموںوکشمیرلبریشن سیل کے زیر اہتمام میراوعظ کشمیر مولانا یوسف شاہ کی برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آل پارٹیز حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ کے کنونیئرسید فیض نقشبندی ،مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے نائب صدر چوہدری منظور احمد، سابق چیئرمین ترقیاتی ادارہ زاہد امین کاشف ایڈووکیٹ ،ڈائریکٹر انتظامیہ جموںوکشمیرلبریشن سیل راجہ محمد سجاد خان ،انٹرنیشنل فورم فارجسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کے وائس چیئرمین مشتاق الاسلام ،پاسبان حریت آزادکشمیر کے سربراہ عزیر احمد غزالی اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر آل پارٹیز حریت کانفرنس کے ممبران اعجاز شاہ ،سید منظور شاہ، چیئرمین ترقیاتی ادارہ مظفرآباد ملک ایاز احمد ودیگر سیاسی وسماجی رہنما بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ میرواعظ مولانا یوسف شاہ نے قرآن مجید کا کشمیری زبان میں ترجمہ کیا۔ جب کشمیر میں کانگریس کا اثر ورسوخ بڑھا تو میراوعظ یوسف شاہ نے پاکستان اور مسلم لیگ کا پرچم ہاتھ میں اٹھایا۔

انہوں نے کہا کہ آج میرواعظ عمر فاروق نے تحریک آزادی کشمیر اور نظریہ الحاق پاکستان کا پرچم سربلند رکھا ہے انہوں نے کہا کہ ہندوستان طاقت کے بل بوتے پر کشمیریوں کو غلام رکھنا چاہتا ہے کشمیری عوام ہندوستان کے خلاف جدوجہد کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عالمی برادری کے لئے چیلنج ہیں عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہیے۔ اس موقع پر میرواعظ یوسف شاہ کے مزار پر چادر چڑھائی گئی۔