مقبوضہ کشمیرمیں جمعہ کو یوم قدس اوریوم کشمیر منایاگیا

سرینگر اور دیگر قصبوں میں مظاہرے ، احتجاجی ریلیاں، قابض فورسز کے ہاتھوں متعدد مظاہرین زخمی

جمعہ 8 جون 2018 20:31

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میں جمعہ کو یوم قدس اور یوم کشمیر منایا گیا جس کا مقصد عالمی برادری پر زور دینا تھاکہ وہ فلسطین اور کشمیر کے تنازعات کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوںکے مطابق حل کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یہ دن منانے کی کال سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے دی تھی ۔

اس موقع پر پورے مقبوضہ علاقے کی مساجد ، درگاہوں اور امام بارگاہوں میں ایک قرارداد پیش کی گئی جس میں کشمیر اور فلسطین کا فوجی تسلط ختم کرنے پرزوردیاگیا۔ قرارداد میں عالمی برادری سے سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ کشمیر اور فلسطین میں قابض بھارتی اور اسرائیلی فورسز کی طرف سے بدترین ظلم و تشدد اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا سخت نوٹس لے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سرینگر سمیت مقبوضہ علاقے کے تمام چھوٹے بڑے قصبوں میں نہتے فلسطینیوں اور کشمیریوں پر قابض فورسز کی چیرہ دستیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ سرینگر کے علاقے نوہٹہ میں تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے فوراً بعد لوگو ں نے زبردست مظاہرے کیے۔ علاقے میں تعینات بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پیلٹ چلائے جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

ضلع بڈگام کے علاقے ماگام میںبھی سینکڑوں لوگوں نے ایک احتجاجی ریلی نکالی ۔ معاون کمیٹی تنظیم الامکاتب ماگام کے زیر اہتمام نکالی جانے والی ریلی کے شرکا ء نے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کے خلاف شدید نعرے لگائے ۔ اسلام آباد قصبے میں بھی لوگوں نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرے کیے۔ قصبے کی ریشی بازار میں بھارتی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کی شدید شیلنگ کی جس کے بعد مظاہرین اور فورسز اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئیں جو آخر ی اطلاعات تک جاری تھیں۔

جموں و کشمیراتحا د المسلمین کے زیر اہتمام بھی مقبوضہ وادی کے مختلف علاقوں میں عظیم الشان قدس ریلیوں کا اہتمام کیا گیا جن میں لوگوں نے بھر پور شرکت کی۔ نماز جمعہ کے فوراً بعدتنظیم کے نائب صدر آغا سید یوسف کی قیادت میں سجاد آباد چھتہ بل سے قدس ریلی نکالی گئی۔قبل ازیں حریت رہنما اور اتحاد المسلمین کے صدرمولا نا مسرور عباس انصاری نے نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یو م قدس ظالم کے خلاف اعلان جنگ اور مظلوم کی حمایت کا دن ہے۔

انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو چاہئے کہ وہ جزوی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر دشمن قوتوں کے خلاف بین الاقوامی سطح پر متحد ہوجائیں۔ تنظیم کے زیر اہتمام گنڈ پٹن میں بھی سید مظفر رضودی اور غلام احمد ملبہ کی قیادت میں ایک عظیم الشان قدس ریلی نکالی گئی۔