پانی کے ذخائر تعمیر نہ کرکے حکمرانوں نے ملک کامستقبل داؤ پرلگادیاہے،مسائل کی وجہ سے قوم پریشانی میں مبتلا ہے،سیف اللہ خالد

ہفتہ 9 جون 2018 20:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جون2018ء) ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد نے کہا ہے کہ پانی کے ذخائر تعمیر نہ کرکے حکمرانوں نے ملک کامستقبل داؤ پرلگادیاہے۔ آج مسائل کی وجہ سے قوم پریشانی میں مبتلا ہے۔ملی مسلم لیگ برسر اقتدار آکر ملکی مسائل کوترجیحی بنیادوں پرحل کرے گی۔پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے اسلامی دنیا کی قیادت کی تمام صلاحیتوں سے نوازا ہے اگرصادق و امین قیادت اسمبلیوں تک پہنچے تو پاکستان چند سال کے اندر ترقی و خوشحالی کی منازل طے کر سکتاہے۔

اربوں کے اثاثے اور رقوم بیرون ملک رکھنے والے محب و طن نہیں ہو سکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے شاہکوٹ میں ملی مسلم لیگ کے زیر اہتمام افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔شاہکوٹ پہنچنے پر سیف اللہ خالد کا بھر پور استقبال کیا گیا۔

(جاری ہے)

کارکنان کی جانب سے پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور ملی مسلم لیگ کے حق میں نعرے لگائے گئے۔سیف اللہ خالد نے کہا کہ ملی مسلم لیگ نظریہ پاکستان کی بنیاد پر اتحاد قائم کرے گی ۔

نوجوان نسل کو نظریہ پاکستان سے دورکرنے کی سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔ہم نے پاکستان میں نظریاتی سیاست کی بنیاد رکھی ہے اسی اساس اور بنیاد پر ہم نے عوام کی خدمت کرنی ہے ، ہم نے نظریہ پاکستان کو فروغ دینا ہے اور عوام کی بلا تفریق خدمت کرنی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان،سندھ ،کراچی میں پانی کا بحران ہے۔پنجاب میں فصلوں کے لئے پانی نہیں ہے۔

بھارت پاکستان کے پانیوں پر قبضہ کر رہا ہے۔اس نے پاکستان کی طرف آنے والے دریائوں پر ڈیم بنائے۔ستر فیصد پاکستان کا پانی بھارت نے روک لیا ہے ۔ہمارے حکمران پھر بھی خاموش ہیں۔ملی مسلم لیگ پاکستان کے پانیوں کو آزاد کروائے گی۔انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم بنائے بغیر سستی بجلی حاصل نہیں ہوگی،کالا باغ ڈیم کی تعمیر پاکستان کی بقاء کا مسئلہ ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ سستی بجلی کے حصول کے لئے کالا باغ ڈیم بنایا جائے تا کہ پاکستان کے شہریوں کو بھی ریلیف ملے۔