کشمیری عیدالفطر سادگی کیساتھ منائیں‘ سید علی گیلانی

غیر قانونی بھارتی قبضے کیوجہ سے مقبوضہ وادی خون میں نہلائی ہوئی ہے

جمعرات 14 جون 2018 18:53

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے عیدالفطر کے موقع پر پوری اُمت مسلمہ کو مبارک باد دیتے ہوئے مقبوضہ علاقے کے تمام ائمہ وخطباء سے کہا ہے کہ وہ اس روزنماز عید کے اجتماعات کے موقع پر جموں وکشمیر کی آزادی کیلئے کے لیے دُعا کریں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ عید کی حقیقی خوشی اسی راز میں مضمر ہے کہ جس مبارک مہینے کے اختتام پر عیدالفطر منائی جارہی ہے اسی مہینے میں تمام بنی نوع انسان کی راہنمائی کے لیے قرآن پاک نازل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے جبری قبضے کے نتیجے میں پوری مقبوضہ وادی خونِ ناحق سے نہلائی ہوئی ہے اور ہر لمحہ یہاں انسانی لاشوں کے جنازے اُٹھ رہے ہیں، انسانی بستیوں کو تاراج کیا جارہا ہے، فصلیں اور میوہ باغات تلف کئے جارہے ہیں، اندھا دھند گرفتاریوں سے جیل خانوں کو بھرا جارہا ہے، والدین کو اپنے سہاروں سے محروم کیا جارہا ہے، خواتین کو بیوہ اور بچوں کو یتیم کیا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا ان خونچکاں حالات میں عید منانے کا مقصد محض ضرورت سے زیادہ کھانے پینے کی اشیاء کا حصول یا مہنگے سے مہنگے کپڑوں کی خریداری نہیں ہے لہذا ہمیں عید انتہائی سادگی سے منانی چاہیے۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ قرآن پاک ہر انسان کو ایک اللہ کی غلامی کے سوا کسی اور کا غلام بننے سے منع کرتا ہے ، ہمیں ایک اللہ کے سوا کسی دوسرے کے سامنے سرنگوں ہونے کی تعلیم نہیں دیتا لہذا عید کے موقع پر ہمیں اس بات کا بھی عہد کرنا ہوگا کہ بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی کی جدوجہد کو مقصد کے حصول تک جاری رکھیں گے اور بھارت اور اسکی کٹھ پتلیوں کی مراعات کو ٹھکرا کو شہداء کے خون کے ساتھ وفادری کا دامن ہر حال میں مضبوطی سے تھامے رکھیں گے۔

سید علی گیلانی نے صاحب ثروت کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ معاشرے کے غریب اور نادار طبقے کو بھی عید کی خوشیوں میں ضرور شریک کریں۔