پرانے دن بیت گئے ہیں زرداری کے آگے جھکا نہیں‘ شاہ محمود قریشی

وزارت خارجہ چھوڑ دی۔ پنجاب میں پیپلز پارٹی کا صفایا ہو چکا ہے ۔ زرداری اس دفعہ ہوا میں حکومت بنائیں گے

پیر 18 جون 2018 21:00

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین اورسندھ کے قومی حلقہ این اے 220 اور 221 سے قومی اسمبلی کے امیدوار مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پرانے دن بیت گئے ہیں زرداری کے آگے جھکا نہیں‘ وزارت خارجہ چھوڑ دی۔ پنجاب میں پیپلز پارٹی کا صفایا ہو چکا ہے ۔ زرداری اس دفعہ ہوا میں حکومت بنائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سندھ کے علاقے عمرکوٹ ایک بہت بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سندھ میں تبدیلی کی لہر چل پڑی ہے ۔پولنگ اسٹینشوں کے اندر اور باہر فوج ہوگی ۔کس میں جرات ہے اب انتخابات میں دھاندلی کرسکے۔ یا بیلٹ بکس اٹھا سکے۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا سندھ میں گزشتہ دس سالوں سے پیپلز پارٹی کی حکومت ہے مگر کراچی کا کچرا اٹھانے والا کوئی نہیں۔

(جاری ہے)

سندھ کے باسی پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ کراچی میں شہریوں کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں کراچی میں رینجرز کے بغیر امن قائم نہیں ہوسکتا۔ ہر شعبے میں اربوں روپوں کے گھپلے سامنے آئے۔ سندھ کے حکمران بے خبر سوتے رہے۔ پی ٹی آئی میدان میں آچکی ہے ملک بھر کی طرح سندھ میں تبدیلی کی لہر آچکی ہے۔ سندھ کے باسیوں کو ترقی کا سفر مبارک ہو ۔

یہاں کی عوام نا اہل اور کرپٹ حکمرانوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔ انہوں نے کہا سندھ میں پی ٹی آئی اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس پیپلز پارٹی کا مل کر مقابلہ کرینگے۔ جس سے اچھے نتائج کی توقع ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے سابق وزیراعلیٰ ارباب غلام رحیم نے کہا کہ سندھ کی عوام مایوسی کا شکار ہے اور آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کو بری طرح مسترد کردیں گے۔

قبل ازیں مخدوم شاہ محمود قریشی عمرکوٹ سے ایک بہت بڑی ریلی کی صورت میں مٹھی پہنچے۔ مالہی ہائوس میں گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کے رہنمائوں سے ملاقاتیں کی۔اور سندھ کی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی۔ ارباب غلام رحیم ‘ سینیٹر سید مظہر حسین ‘ اصغر خان پلی ‘ جام میمن ‘ دوست محمد میمن ‘ فقیرغلام قادر منگریو‘ جادم منگریو ‘ فقیر علی بخش منگریو ودیگر شامل تھے۔ اس موقع پر گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس حلقہ این ای220 کے امیدوار قومی اسمبلی اور سابق وزیراعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم نے شاہ محمود قریشی کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کیا#