شہید بینظیر بھٹو کی جہد مسلسل ملکی،علاقائی اور عالمی قیادتوں کیلئے مشعل راہ ہے،آغا کریم خان

بدھ 20 جون 2018 17:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2018ء) شہید بینظیر بھٹو نے جس جرات و بہادری سے ملک میں عوام کے حقوق کی جنگ اور عالمی برادری میں پاکستان کا مقدمہ لڑا وہ موجودہ ملکی و علاقائی سیاسی قائدین کے لیئے مشعل راہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی ضلع ملیر پی ایس89کے انفارمیشن سیکریٹری آغا کریم خان، سینئر رہنما لیاقت علی بلوچ، ماسٹر سائیں جان محمد بلوچ، کالم نگار آصف اقبال اور عابد خارانی نے شہید بینظیر بھٹو کی 65ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے مشترکہ پیغام میں کیا۔

انھوں نے مزید کہا کہ بینظیر شہید نے اپنے عظیم والد ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی اور2جواں سالہ بھائیوں کی شہادت اور ضعیف العمری اور علالت میں مبتلا والدہ کی تیمارداری کرتے ہوئے، اپنے خاوند کو جیل کی سلاخوں میں حوصلہ دیتے ہوئے چھوٹے چھوٹے معصوم بچوں کی بحیثیت ماں ذمہ داریان نبھاتے ہوئے ایک لیڈر و قائد کے ذمہ دارانہ کردار کو جرات و بہادری سے نبھایا وہ تاریخ کا ایک روشن باب ہے۔

(جاری ہے)

آج چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اپنے نانا اور والدہ کی لیگسی کو آگے بڑھاتے ہوئے عوامی سطح پر جس طرح قائدانہ کردار ادا کررہے ہیں اس نی1967ء میں بھٹو شہید کے کردار کی یاد تازہ کردی ۔آئیں آج بی بی شہید کی سالگرہ کے موقع پر ہم سب یہ عہد کریں کہ ہم چیئرمین بلاول کی قیادت میں بھٹو شہید کے وژن، بینظیر شہید کے افکار و نظریات پر مشتمل ایجنڈہ جمہوریت، انسانی حقوق ، مساوات، سماجی انصاف کی راہ میں تمامتر رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے اپنے آپ کو آگے کی جانب لے کر بڑھیں گے۔