شہداء کی قربانیوںکو کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا‘سید علی گیلانی

کشمیری نوجوان بھارتی قبضے سے آزادی کیلئے اپنی اٹھتی جوانیاں قربان کر رہے ہیں‘ اشرف صحرائی

جمعرات 21 جون 2018 12:46

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی کی جدوجہد کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کو بھی شہداء کے مقدس لہو کے ساتھ بے وفائی کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے شہید عادل احمد لون اور انکے دیگر دو شہیدساتھیوںکو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ترال کے علاقے پنجورہ میں منعقد کیے جانے والے ایک عوامی اجتماع سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری نوجوان پنے گرم گرم خون سے تحریک آزادی کی آبیاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے شہید عادل لون ، دانش خالق اور محمد قاسم کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیوںکو کسی صورت رائیگان نہیں جانے دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

سید علی گیلانی نے کہا کہ اگر بھارت کشمیر کی سڑکوں اور گلی کوچوں میں تارکول کے بجائے سونا بچھادے کشمیری تب بھی اپنی مقدس جدوجہدِ آزادی سے دستبردار نہیں ہونگے۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ بھارت نے 1947؁ء سے آج تک چھ لاکھ سے زائد کشمیریوں کو انتہائی بے دردی کے ساتھ شہید کیا ہے، بلالحاظ عمر وجنس لاکھوں کی تعداد میں کشمیریوں کو جیلوں او ر عقوبت خانوں میں ناقابل بیان تشدد کا نشانہ بنایا، کھربوں روپئے مالیت کی جائیدادیں تلف کیں، بستیوں کی بستیوں کو راکھ کے ڈھیر میں تبدیل کیا ، زراعت اور میوہ باغات کو لاتلافی نقصان پہنچایا اورخواتین کی آبروریزی کوایک جنگی ہتھیار کے طور استعمال کیا ۔

حریت چیئرمین نے عوامی اجتماع سے اپنے ٹیلیفونک خطاب میں لوگوں پرزور دیا کہ وہ تحریک آزادی آزادی کے خلاف بھارتی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو مضبوط بنائیں اور نام نہاد انتخابی ڈراموں کا مکمل بائیکاٹ کر کے حقِ خودارادیت کے مطالبے کو عالمی ایوانوں تک پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کریں۔ بھارتی فوجیوں نے عادل احمدلون ، دانش خالق اور محمد قاسم کو منگل کے روز پلوامہ کے علاقے نازنین پورہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا تھا-دریں اثنا تحریک حریت جموںوکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے بھی سرینگر سے جاری ایک بیان میں شہید نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری نوجوان بھارت کے جابرانہ قبضے سے آزادی کیلئے اپنی اٹھتی جوانیاں قربان کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری یہ ذمہ داری ہے کہ ہم شہداء کے مقدس مشن کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز کشمیری نوجوانوں کو شہید کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے مکانات اوردیگر املاک کو بھی تباہ وبرباد کرکر رہی ہیں جو انسان دشمنی کی بدترین مثال ہونے کے ساتھ ساتھ مسلمہ بین الاقوامی قوانین کی بھی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔