کراچی کے عوام کسی شعبدہ باز کی سیاسی بیساکھی نہیں بنیں گے‘عوامی تحریک

شہباز ماڈل ٹائون کے قاتل ،قاتل اعلیٰ کو قبر پر کھڑے دیکھ کر قائد کی روح تڑپی ہو گی پنجاب کا بدعنوان شخص کراچی آ کر کس فلاحی ریاست کی بات کررہا ہی ‘قاضی زاہد حسین

پیر 25 جون 2018 19:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2018ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے کہا ہے کہ پنجاب برباد کرنے کے بعد شہباز شریف کراچی آگئے، کراچی کے عوام کسی شعبدہ باز کو قبول نہیں کرینگے،پنجاب کے ہسپتال اور تعلیمی مراکز عقوبت خانوں کا منظر پیش کررہے ہیں، ہسپتالوں میں غریب کو علاج کی جگہ دھکے اور تعلیمی ادارے ناکام ایڈمنسٹریشن نے این جی اوز کے حوالے کر دئیے،ایک میٹرو اور ایک نامکمل اورنج لائن کے نام پر شہباز شریف سندھ کے عوام کو بے وقوف نہیں بنا سکتے، وہ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کے رہنمائوں سے گفتگو کررہے تھے، قاضی زاہد حسین نے کہا کہ شہباز شریف کی بنائی گئی کمپنیوں کی کرپشن سپریم کورٹ، ہائیکورٹ اور نیب تک پھیلی ہوئی ہیں، ایک بدعنوان شخص کراچی میں آ کر کس فلاحی ریاست کی بات کررہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف سانحہ ماڈل ٹائون کے نامزد قاتل ہیں۔قاتل اعلیٰ کو اپنی قبر پر کھڑے دیکھ کر قائد کی روح تڑپی ہو گی۔ کراچی کے عوام بے گناہوں کے قاتل کی بیساکھی نہیں بنیں گے۔جسٹس باقر نجفی کمیشن رپورٹ میں شہباز اینڈ کمپنی کو سانحہ کا ذمہ دار ٹھہرایا گیاہے،انہیں بے گناہوں کے خون کا حساب دینا ہو گا۔شریف خاندان 3 ہزار ارب روپے منی لانڈرنگ کرنے کا ملزم ہے، ان کے دامن قومی دولت کی لوٹ مار کے داغوں سے بھرے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف خاندان کا پیسہ پاکستان آنا چاہیے،گزشتہ گزرے ہوئے پانچ سال بھیانک خواب کی طرح ہیں، پانچ سال ٹیکس چوروں، منشیات فروشوں، کک بیکس اور کمیشن مافیا کو کھلی چھوٹ دی گئی اور جاتے ہوئے بلیک منی کو وائٹ منی کرنے کی سہولت دے گئے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک یہ ظالم نظام رہے گا کرپٹ ٹولہ بھیس بدل کر خزانہ لوٹتا رہے گا، عوامی تحریک کی قیادت نے ایک بار پھر قوم کے سامنے ظالم نظام کو سفاک چہرہ رکھ دیا ہے اور اصلاحات کا مطالبہ کیا ہے۔