اقتدار میں آنے کے بعد تعمیر و ترقی کے کاموں میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ، میاں افتخار حسین

اے این پی عوامی مفاد کے منصوبوں پر بھرپور توجہ دے گی ، صوبے میں کرپشن کی بنیاد سابق وزیر اعلیٰ نے رکھی ،حکومت میں آ کر تمام محرومیوں کا ازالہ کریں گے ، ہے ، موجودہ تقرریاں اور تبادلے صرف خانہ پری اور لوگوں کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے ہے، سیکرٹری جنرل اے این پی کا شمولیتی تقریب سے خطاب

پیر 25 جون 2018 20:27

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جون2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ اقتدار میں آنے کے بعد تعمیر و ترقی کے کاموں میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی اور اے این پی عوامی مفاد کے منصوبوں پر بھرپور توجہ دے گی ، صوبے میں کرپشن کی بنیاد سابق وزیر اعلیٰ نے رکھی ،حکومت میں آ کر تمام محرومیوں کا ازالہ کریں گے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پبی میں ایک بڑے شمولیتی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر پی ٹی آئی کی اہم سرکردہ شخصیات نے اے این پی میں شمولیت کا اعلان کیا ، میاں افتخار حسین نے پارٹی میں شامل ہونے والوں کو سرخ ٹوپیاں پہنائیں اور انہیں مبارکباد پیش کی ، اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ سابق حکومت کے دور میں کرپشن کی انتہا کر دی گئی ، اور خصوصاٍ سرکاری ملازمین کو انتہائی بد سلوکی کا نشانہ بنایا گیا، انہوں نے کہا کہ ھالیہ دنوں میں نگران حکومت کی جانب سے بیوروکریسی میں ردو بدل اور اکھاڑ پچھاڑ سے جانبداری کی بو آ رہی ہے ، موجودہ تقرریاں اور تبادلے صرف خانہ پری اور لوگوں کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے ہے ، میاں افتخار حسین نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے ، انہوں نے واضح کیا کہ سیاسی حمایت یافتہ افسران کو ایک ضلع سے دوسرے ضلع تبادلہ کرنا مسئلے کا حل نہیں ان تمام افسران کو کھڈے لائن لگا کر او ایس ڈیز کو اوپر لایا جائے ، اور پنجاب کی طرز پر الیکشن کی غیر جانبدارانہ بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں ، انہوں نے کہا کہ مختلف حلقوں میں آج بھی ترقیاتی کام سابق حکومت کے نمائندے کر رہے ہیں جو عوام کو ورغلانے کیلئے سیاسی رشوت ہے ، میاں افتخار حسین نے کہا کہ پری پول رگنگ کے آثار دکھائی دے رہے ہیں اور اس سے شفاف الیکشن کی صورتحال پراگندہ ہو سکتی ہے ، انہوں نے کہا کہ اے این پی نے اپنے سابق دور میں تعلیم ،صحت سمیت دیگر شعبوں میں جو انقلابی اقدامات کئے وہ تاریخ کا سنہرا باب ہیں ، انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم ، این ایف سی ایوارڈ اور صوبے کے نام کا حصول ہماری بڑی کامیابی ہے ، اور اقتدار میں آ کر اسے مزید مضبوط بنائیں اور مرکز سے صوبے کے حقوق کے حصول کیلئے آخری حد تک جائیں گے ، میاں افتخار حسین نے کہا کہ حلقہ کے عوام اپنے حقوق کے محافظوں کو پہچانیں اور 25جولائی کو اے این پی کو ووٹ دے کر کامیاب کریں ، انہوں نے کہا کہ معاشرے کی کردار سازی میں خواتین کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے لہٰذا حلقہ میں خواتین کی کمیٹیاں بھی بنائی جائیں تاکہ ووٹنگ کیلئے ان میں شعور اجاگر کیا جائے ، انہوں نے نواز شریف کی اہلیہ کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی اور کہا کہ نواز شریف نے پختونوں کے ساتھ فاٹا انضمام اور سی پیک پر دغا بازی کی جس کی سزا انہیں نا اہلی کی صورت میں ملی تاہم پختونوں کو پنجابی عوام کی اپنے لیڈروں کی رغبت سے سبق سیکھنا چاہئے اور اپنے حقوق کے محافظ صحیح رہنماؤں کا انتخاب کرنا چاہئے ، انہوں نے کہا کہ ہم پنجاب ، سندھ اور بلوچستان کو بھائی تسلیم کرتے ہیں البتہ پنجاب بھی ہمیں اپنا بھائی مانے اور غلامی کا تصور ختم کرے ۔