دفاع کے ساتھ شفاف انتخابات کے لیے بھی ذمہ داریاں نبھائیں گے-آرمی چیف

الیکشن کمیشن کی درخواست پر پاک فوج ملک میں عام انتخابات 2018 کے آزادانہ، صاف اور شفاف انعقاد کے لیے اپنی خدمات پیش کرے گی۔کورکمانڈر اجلاس سے خطاب

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 27 جون 2018 16:35

دفاع کے ساتھ شفاف انتخابات کے لیے بھی ذمہ داریاں نبھائیں گے-آرمی چیف
 راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔27 جون۔2018ء) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دفاع کے ساتھ الیکشن کی قومی ذمہ داری بھی نبھائیں گے۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ کی سربراہی میں جنرل ہیڈ کوارٹرز میں کورکمانڈر کانفرنس ہوئی جس میں ملکی سلامتی، آپریشن ردالفساد، افغانستان کی سرحدوں پر باڑ لگانے اور ملک میں منعقد ہونے والے عام انتخابات کی تیاری کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

کورکمانڈرکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمرباجوہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی درخواست پر پاک فوج ملک میں عام انتخابات 2018 کے آزادانہ، صاف اور شفاف انعقاد کے لیے اپنی خدمات پیش کرے گی۔

(جاری ہے)

تاہم اس دوران سب سے اہم اور اولین ذمہ داری قومی سلامتی پر حرف نہیں آنے دیا جائے گا۔ ہم اپنی ملک کی سرحدوں کے دفاع سے غافل نہیں۔کورکمانڈر کانفرنس میں آرمی چیف کو ملک میں جاری آپریشن ردالفساد کی کامیاب کارروائیوں سے متعلق رپورٹ بھی پیش کی گئی جبکہ افغان بارڈر پر باڑ لگانے اور کراچی میں قیام امن سے متعلق کیے گئے اقدامات کی بریفنگ بھی دی گئی جس پر آرمی چیف نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے جوانوں اور افسران کی جرات، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔

کانفرنس کے دوران خطے کی مجموعی سیکورٹی صورتحال اور آپریشن ردالفساد کے تحت کارروائیوں کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ خطے میں قیام امن کی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں صاف شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کی معاونت سے متعلق بھی بات چیت ہوئی اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ صاف و شفاف انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کی ضروری معاونت کی جائے گی۔

اس موقع پر آرمی چیف نے ہدایت کی کہ اندرونی سیکورٹی اور ملکی دفاع سے توجہ ہٹائے بغیر الیکشن کے انعقاد میں مکمل معاونت کی جائے گی۔آرمی چیف نے مزید کہا کہ کہ دفاع کے ساتھ الیکشن کی قومی ذمہ داری بھی نبھائیں گے۔کورکمانڈر کانفرنس میں دیرپا امن و استحکام کے لیے مثبت کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ کانفرنس میں خطے کے جیو اسٹریٹجک انوائرمنٹ اور سیکورٹی سے متعلق بات چیت ہوئی۔کانفرنس میں دیرپا امن و استحکام کے لیے مثبت کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ آپریشن رد الفساد میں ہونے والی پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں خطے میں قیام امن کی کوششیں جاری رکھنے کا بھی اعادہ کیا گیا۔