اشرف صحرائی کی طرف سے حریت رہنمائوں کی مسلسل غیر قانونی نظربندی کی شدید مذمت

آزادی پسندوں کو جدوجہد آزادی جاری رکھنے پر انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جارہا ہے

بدھ 27 جون 2018 19:42

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میں سینئر حریت رہنما اور تحریک حریت جموںوکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نیبھارتی فورسز کی طرف سے بڑی تعداد میںحریت رہنمائوں اور کارکنوں کی مسلسل بلا جوازنظربندی اور انکی تیزی سے گرتی ہوئی صحت پر شدید تشویش کا اظہا رکرتے ہوئے کہاہے کہ مقبوضہ علاقے خاص طورپر وادی کشمیر کے اطراف واکناف میں آئے روز رگرفتاریوں روزکامعمول بن چکا ہے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد اشرف صحرائی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںافسوس ظاہر کیا کہ قابض انتظامیہ رہائی کے عدالتی احکامات کے باوجود کشمیری نظربندوں کو رہاکرنے کی بجائے ان کی نظربندی کو طول دینے کیلئے انہیں جھوٹے مقدمات میں ملوث کر کے ان پر دوبارہ کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کر دیتی ہے ۔

(جاری ہے)

حریت رہنمائوں مسرت عالم بٹ، الطاف احمد شاہ، ایاز اکبر، پیر سیف اللہ، راجہ معراج لدین، شبیر احمد شاہ ، نعیم احمد خان، شاہد الاسلام،محمد یوسف فلاحی، ڈاکٹر محمد قاسم فکتو، ڈاکٹر محمد شفیع شریعتی، آسیہ اندرابی، فہمیدہ صوفی، ناہیدہ نسرین، ظہور احمد وٹالی، شاہد یوسف، فاروق احمد ڈار، محمد یوسف میر، ظفرالاسلام، معشوق احمد بٹ، شوکت احمد میر، امیر حمزہ شاہ، امتیاز احمد میر، مشتاق احمد گنائی اور دیگر کی طویل عرصے سے مسلسل غیر قانونی نظربندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہوںنے واضح کہاکہ ان آزادی پسند رہنمائوں کو کشمیریوں کی حق پر مبنی پر امن جدوجہد آزادی جار ی رکھنے پر سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔

محمد اشرف صحرائی نے غیر قانونی طورپر نظربندتمام حریت رہنمائوں ، کارکنوں اور نوجوانوںکی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ۔انہوںنے واضح کیاکہ بھارت طاقت کے بل پر کشمیریوں کی تحریک آزادی کو کمزور نہیں کرسکتا اور اسے کشمیریوں کا ناقابل تنسیخ حق ، حق خودارادیت تسلیم کرنا ہوگا۔ انہوںنے کشمیری شہداء کوزبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور انکے مشن کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے میں کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

تحریک حریت کے چیئرمین نے کہا کہ بھارت بڑھتی ہوئی ریاستی دہشت گردی کے ذریعے مقبوضہ علاقے میںمسلسل نہتے کشمیریوں کی نسل کشیُ کررہا ہے ۔ حریت رہنما نے کہاکہ جموں وکشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے جس کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت ہے۔