سندھ ہائی کورٹ :کے پی ٹی میں غیر قانونی بھرتیوں کیس میں ملزمان کیخلاف ریفرنس دائر کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم

جمعہ 29 جون 2018 16:46

سندھ ہائی کورٹ :کے پی ٹی میں غیر قانونی بھرتیوں کیس میں ملزمان کیخلاف ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2018ء) سندھ ہائی کورٹ نے کے پی ٹی میں غیر قانونی بھرتیوں کیس میں ملزمان کے خلاف ریفرنس دائر کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیاہے ۔

(جاری ہے)

جمعہ کو سندھ ہائیکورٹ میں سابق وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ بابری غوری کے دور میں کے پی ٹی میں غیرقانونی بھرتیوں کے معاملے میں جنرل منیجر کے پی ٹی روف اختر فاروقی اور دیگر کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی، پراسیکیوٹر نیب نے بتایا کہ روف اختر فاروقی سمیت دیگر کو ہزاروں غیرقانونی بھرتیوں کے ریفرنس میں ملزم نامزد کر دیا گیا ، ایم کیوایم رہنما بابر غوری ملک سے باہر ہیں، اس لیے گرفتار نہیں کرسکے، ملزمان کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کے لیے معاملہ اسلام آباد بھیج دیا ہے، روف اختر فاروقی کو سابق وزیر بابر غوری کی سفارش پر کے پی ٹی کا جنرل مینیجر بنایا گیا ، ملزمان کے خلاف کرپشن اور غیر قانونی بھرتیوں کے شواہد موجود ہیں، عدالت نے ملزمان کے خلاف ریفرنس دائر کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے روف اختر فاروقی سمیت دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت میں 23 اگست تک توسیع کردی