کمشنر ملاکنڈ سید ظہیرالاسلام شاہ نے کبل میں جدید تحصیل بس اڈے کا افتتاح کر دیا

جدید بس سٹینڈ کے قیام سے یہاں کی ساڑھے چار لاکھ آبادی کے علاوہ سوات آنے والے دیگر لاکھوں سیاحوں کو بھی آمد و رفت اور ٹریفک کی بہترین سہولیات مہیا ہونگی

جمعہ 29 جون 2018 23:23

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 جون2018ء) کمشنر ملاکنڈ سید ظہیرالاسلام شاہ نے کبل میں جدید تحصیل بس اڈے کا افتتاح کیا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فواد خان، تحصیل ناظم حاجی رحمت علی، ٹی ایم او کبل عرفان خان، ڈی ایس پی کبل اور دیگر سول و پولیس حکام کے علاوہ بلدیاتی نمائندوں، عمائدین علاقہ اور ٹرانسپورٹروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی کبل گرائونڈ کے سامنے 12کنال وسیع رقبے پر محیط اس نوتعمیر شدہ بس اڈے میں ہر قسم کی مسافر گاڑیوں کے الگ سٹینڈز، زنانہ و مردانہ انتظارگاہوں، واش رومز، واٹر سپلائی، مارکیٹ و دکانوں، مسجد، سروس سٹیشن، دفاتر اور فرش بندی سمیت تمام بنیادی سہولیات مہیا کی گئی ہیں کمشنر ملاکنڈ نے بس اڈے کے اعلی معیار اور سہولیات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس حوالے سے تحصیل ناظم اور ٹی ایم اے انتظامیہ کی کارکردگی کو مثالی قرار دیا انہوں نے کہا کہ تحصیل سطح پر جدید بس اڈوں کا قیام وقت کی اہم ترین ضرورت ہے تاکہ شہروں پر ٹریفک کا اژدھام کنٹرول کیا جا سکے کبل میں جدید بس سٹینڈ کے قیام سے یہاں کی ساڑھے چار لاکھ آبادی کے علاوہ سوات آنے والے دیگر لاکھوں سیاحوں کو بھی آمد و رفت اور ٹریفک کی بہترین سہولیات مہیا ہونگی اور مینگورہ پر گاڑیوں کا رش کم ہو گا سید ظہیرالاسلام شاہ نے اس بات پر بھی خوشی کا اظہار کیا کہ نو تعمیر شدہ بس سٹینڈ میں تمام تر جدید سہولیات کی فراہمی کے باوجود پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت تمام سرمایہ کاری نجی شعبے کی طرف سے کی گئی اور حکومت کے کروڑوں روپے کے فنڈز بچائے گئے اسی طرح بس سٹینڈ سے سالانہ کروڑوں کی آمدن میں 56فیصد حصہ ٹی ایم اے اور باقی 44فیصد نجی شعبے کو ملے گا جبکہ ٹی ایم اے کو ٹرانسپورٹ لائسنس فیس اور دیگر مدات میں حاصل ہونے والی آمدن اسکے علاوہ ہے جو دوسروں کیلئے بھی مثال ہے کمشنر ملاکنڈ نے ڈویژنل، ضلعی اور تحصیل سطح کے حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ تمام شعبوں میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی اور انہیں سماجی انصاف کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھانہ رکھیں انہوں نے مزید واضح کیا کہ حالیہ عام انتخابات کے تناظر میں اعلیٰ و ادنیٰ تمام سرکاری اہلکار بھرپور غیرجانبداری کا مظاہرہ کریں اور شفاف و منصفانہ انتخابات کا انعقاد یقینی بنائیں ۔