کامیاب ہو کر ان کی اور بہاول پور کی عوام کی توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کرونگا،سید وسیم اختر

جمعرات 5 جولائی 2018 21:28

بہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جولائی2018ء) جماعت اسلامی پنجاب کے نائب امیر اور متحدہ مجلس عمل کے امیدوار این اے 170 ڈاکٹر سید وسیم اخترنے کہا کہ امیر آف بہاول پور نواب صلاح الدین عباسی کی حمایت پر ان کے مشکور ہیں انشاء اللہ کامیاب ہو کر ان کی اور بہاول پور کی عوام کی توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کرونگااور پنجاب اسمبلی سے پاس کردہ بہاول پور صوبہ بحالی کی قرارداد پر عمل درآمد کروا کر رہوں گاان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب میں مختلف اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ملکی سیاست کو وڈیروں اور سرمایہ داروں نے بچہ جمہورا بنا کر رکھ دیا ہے۔ بڑی سیاسی پارٹیاں وراثت پر چل رہی ہے جبکہ سیاسی فیصلے پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنیوں کے طور پر کیے جارہے ہیں ان فیصلوں میں عام آدمی کا کوئی عمل دخل نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہم ہر فیصلے سے قبل عوام کے پاس جائیں گے اور ہر فیصلے میں انہیں شریک کریں گے۔ انہوںنے مزید کہا کہ پاکستان میں میں دینی جماعتوں کا اتحاد دیندار لوگوں کی خواہش اور امت مسلمہ کی امیدوں کی کرن ہے، مجلس عمل کے نمائندے انتخابات میں کامیاب ہوکر ملک وملت کے مفادات کا تحفظ اور ظلم وناانصافیوں کی چکی میں پسنے والے محروم ومظلوم طبقات کی آواز بنیں گے،عوام25جولائی کو کتاب کے نشان پر مُہر لگاکر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کریں گے۔