سپریم کورٹ نے شیخ وقاص اکرم کو این اے 115 جھنگ سے الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی

وقاص اکرم کے کاغذات نامزدگی میں کوئی غلط بیانی نہیں، بی اے کی سند کیخلاف ایچ ای سی کا لیٹر ہائیکورٹ نے معطل کیا ہے ،ْجسٹس اعجاز الاحسن

جمعرات 19 جولائی 2018 13:54

سپریم کورٹ نے شیخ وقاص اکرم کو این اے 115 جھنگ سے الیکشن لڑنے کی اجازت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2018ء) سپریم کورٹ نے شیخ وقاص اکرم کو این اے 115 جھنگ سے الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔ جمعرات کو سپریم کورٹ میں شیخ وقاص اکرم کے مخالف درخواست گزار محمد عمران کی جانب سے دائر درخواست میں جعلی ڈگری کی بنیاد پر شیخ وقاص کو نااہل کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔جسٹس عظمت سعید اور جسٹس اعجاز الاحسن نے پر مشتمل دو رکنی بینچ نے درخواست پر سماعت مکمل ہونے کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے محمد عمران کی درخواست خارج کردی۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ نے ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے شیخ وقاص اکرم کو این اے 115 جھنگ سے الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ وقاص اکرم کے کاغذات نامزدگی میں کوئی غلط بیانی نہیں، ان کی بی اے کی سند کے خلاف ایچ ای سی کا لیٹر ہائیکورٹ نے معطل کیا ہے۔جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ وقاص اکرم کی تعلیمی سند جعلی ہونے کا کوئی عدالتی ڈکلریشن نہیں۔واضح رہے کہ شیخ وقاص اکرم این اے 115 سے آزاد حیثیت میں انتخابی نشان مٹکے پر الیکشن لڑرہے ہیں۔