برآمدات کوقومی سلامتی کا لازمی جزو قرار دینا ہو گا،لگژری اشیاء کی درآمدات پر پابندی عائد کی جائے ‘ خواجہ حبیب الرحمان

خسارے میں چلنے والے اداروں کی نجکاری ،سستی بجلی کے حصول کیلئے شمسی توانائی پر توجہ دینے کی ضرورت ہے‘ صدرایران پاک فیڈریشن آف کلچر اینڈ ٹریڈ

اتوار 22 جولائی 2018 14:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2018ء) ) ایران پاک فیڈریشن آف کلچراینڈ ٹریڈ کے صدر خواجہ حبیب الرحمان نے کہا ہے کہ زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافے کیلئے برآ مدات میں سالانہ25 فیصد اضافہ ناگزیز ہے،درآمدات کاحجم600ارب ڈالر سے بھی تجاوز کر گیا ہے جسے ہماری معیشت برداشت نہیں کر سکتی ،دوسرے ممالک کی طرح لگژری اشیاء کی درآمدات پر فوری پابندی عائد کر نا ہو گی ۔

اوورسیز کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ زراعت سمیت دیگر شعبوں کو نظرانداز کرنے کی وجہ سے ہمارے تجارتی خسارے میں اضافہ ہوا، نئی حکومت کی تمام تر توجہ زراعت پر ہونی چاہیے اور نئی آبی پالیسی تیار کرنی چاہیے، تجارتی بحران پر تو قابو پا یا جاسکتا ہے کہ قیمتوں میں کمی بیشی ہوتی رہتی ہے لیکن خدمات کاشعبہ بہتر کئے بغیر ہم تجارتی خسارے پر قابو نہیں پا سکتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ روپے کی قدر میں تیزی سے آنے والی گراوٹ کے نتیجے میں ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان آ چکاہے، عام آدمی کو بجلی،پانی، گیس، ٹرانسپورٹ اور صحت و تعلیم جیسی بنیادی سہولتوں کی عدم دستیابی کا بھی سامنا ہے، نئی حکومت کو ایسے ذرائع تلاش کر نا ہوں گے کہ جن کے نتیجہ میں ہمارے ملک میں کاروباری سرگرمیوں میں تیزی آ ئے، صنعتیں چلنے لگیں، برآمدات میں اضافہ اور درآمدات میں کمی واقع ہو۔