Live Updates

عمران خان نے پانچ سالوں میں دھرنوں اور ملک کی ترقی کو روکنے کے علاوہ کوئی کام نہیں کیا ‘ احسن اقبال

جس شخص نے ملک کو اٹیمی طاقت بنایا،دہشتگردی سے نکالا،ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا اسے جیل بھیج دیا گیا‘ سابق وزیر داخلہ

اتوار 22 جولائی 2018 14:30

نارووال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2018ء) سابق وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان نے پانچ سالوں میں دھرنوں اور ملک کی ترقی کو روکنے کے علاوہ کوئی کام نہیں کیا جبکہ مسلم لیگ (ن) نے عوام سے کیے وعدے پورے کیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارووال کے حلقہ این اے 78میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ جس شخص نے ملک کو اٹیمی طاقت بنایا،دہشتگردی سے نکالا،کراچی کی روشنیاںبحال کیں ،ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا اسے جیل بھیج دیا گیا اور جنہوں نے پاکستان کو نقصان پہنچایا وہ مزے کی زندگی بسر کر رہے ہیں ۔

2013میں ملک میں 22گھنٹے تک بجلی نہیں آتی تھی ۔ہماری حکومت نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر دیں گے اور ہم نے دن رات کی محنت سے اس وعدے کو پورا کیا ۔

(جاری ہے)

(ن) لیگ کی حکومت نے پانچ سالوں میں 11ہزار میگا واٹ بجلی کو سسٹم میں شامل کیا جس سے اب نہ صرف ملک کی انڈسٹری بحال ہو رہی ہے مزدور طبقے کا روز گار چل رہا ہے ۔وہ ملک جس کو 2013میں دہشت گرد ملک قرار دیا جارہا تھا اب وہاں پر باہر کے لوگ اربوں روپوں کی سرمایہ کاری لا رہے ہیں۔

سی پیک ایک ایسا منصوبہ ہے جس سے پاکستان کے آنے والی نسلوں کے لئے بہتر روز گار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوںنے تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے ملک میں سوائے دھرنے دینے اور ملک کی ترقی کو روکنے کے علاوہ کوئی کام نہیں کیا ہے ، خیبر پختوانخواہ میںتباہی پھیر دی گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ (ن) لیگ نے تمام تر مشکلات کے باوجود اپنے مشن کو جاری رکھا اور الحمداللہ عوام سے جو وعدے کیے تھے وہ پورے کر دئیے گئے ۔

عوام ترقیاقی منصوبوں کے تسلسل کو جاری رکھنے کیلئے 25جوالائی کو شیر کو ووٹ دے کر ثابت کر دیں گے ملک کو چلانے کیلئے تجربے کی ضرورت ہوتی ہے اور پاکستان تحریک انصاف کے پاس تجربہ نہیں ہے ۔ انشاء اللہ پاکستان مسلم لیگ (ن) دوبارہ عوام کے ووٹوں کی طاقت سے برسراقتدار آئے گی اور ملک میں ترقی کا سفر جاری رکھے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات