پیسے نہ ملنے پر داماد نے سسرال میں قیامت برپا کردی،

3افراد قتل،6زخمی مرنے والوں میں سسر، سالی اور بیٹا‘ زخمیوں میں بیو ی‘ ساس‘ دو سالیاں اور سالے شامل

پیر 23 جولائی 2018 13:17

چارسدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جولائی2018ء) چارسدہ کے علاقہ پڑا نگ ماجوکی میں داماد نے فائرنگ کر کے اپنے سسر، سالی اور بیٹے کوقتل کرڈالا جبکہ فائرنگ سے ملزم کی بیو ی، ساس، دو سالیاں اور سالے شدید زخمی ہوگئے۔پڑانگ پولیس نے حبیب اللہ کی مدعیت پر ملزم شوکت ولد لیاقت کے خلا ف تہرے قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔

(جاری ہے)

حبیب اللہ ولد فضل ربی نے زخمی حالت میں پولیس کو بتایا کہ اس کے بہنوئی ملزم شوکت نے اپنے بیو ی کو اس کے باپ کے گھر دس ہزار روپے طلب کر نے کیلئے بھیجا اور سا تھ دھمکی بھی دی کہ اگر وہ مطلوبہ رقم نہ لے آئی تو وہ اس کے گھر آکر پو رے خاندان کو ختم کر دے گا۔

جب اس کی بیوی پیسے لینے کے لیے والدین کے گھر گئی تو انہوں نے کسی وجہ سے معذرت کردی جس پر ملزم شو کت نے گھر آکر اندھادھند فائرنگ شروع کر دی۔ جس کے نتیجے میں ملزم کا سسر فضل ربی ولد غلام کریم ، شہنا ز دختر فضل ربی اوراذان ولد شو کت علی (ملزم) مو قع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ فائرنگ سے ملزم کی بیو ی راعنا، فاطمہ و مریم دختران فضل ربی ، نو رجہان زوجہ فضل ربی ، نو رین زوجہ خالد اور رپورٹ کنندہ حبیب اللہ شدید زخمی ہوگئے۔