مقبوضہ کشمیر، نظر بندوں کی حالت زار کیخلاف مسلم کانفرنس اور لبریشن فرنٹ کے احتجاجی مظاہرے

نوجوانوں کی شہادت پر کولگام ، اسلام آباد میں ہڑتال

جمعہ 27 جولائی 2018 22:09

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2018ء) جموںوکشمیر مسلم کانفرنس اورتحریک استقلال نے جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی حالت زار کیخلاف سوپور میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطا بق سوپور کے علاقے سگی پورہ میںہونے والے مظاہرے کی قیادت مسلم لیگ کے چیئرمین شبیر احمد ڈا ر اور تحریک استقلال کے سربراہ غلام نبی وسیم نے کی۔

مظاہرے میں دونوںتنظیموں کے رہنمائوں اور کارکنوں کی ایک بڑی تعداد شریک تھی۔ انہوں نے ہاتھوں میںپلے کارڑز اٹھا رکھے تھے جن پر’نظر بندوں کے ساتھ ناروا سلوک بند کرو،’’ نظر بندوں کو رہا کرو‘‘ ،’’ ہم کیا چاہتے آزادی ‘‘ اور دیگر نعرے درج تھے۔ شبیر احمد ڈار نے اس موقع پر اپنی تقدیر میں جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بندوں کے ساتھ روا رکھے جانیوالے بہیمانہ سلوک کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے اسکانوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے نظر بندوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنمائوں اور کارکنوں نے بھی مقبوضہ علاقے اور بھارت کی مختلف جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کے اظہار یکجہتی کے لیے سرینگر کے علاقے لالچوک میں مظاہرہ کیا۔دریں اثنا بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں دو نوجوانوں کی شہادت پر اسلام آباد قصبے اور ضلع کولگام کے مختلف علاقوں میں جمعہ کو تیسرے روز بھی مکمل ہڑتال کی گئی۔

فوجیوں نے عابد حسین بٹ اور بلال احمد ڈا رنامی نوجوانوں کو بدھ کے روز اسلام آباد قصبے کے علاقے لالچوک میں شہید کر دیا تھا۔ضلع کولگام کے علاقوںقائموہ اور کھڈونی جبکہ اسلام آباد آباد قصبے میں مکمل ہڑتال کی گئی ۔ دکانیں اور کاروباری مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معطل تھی۔شہید عابد حسین بٹ کو ضلع ڈوڈہ کے علاقے سوزان میں سپرد خاک کیا گیا ۔نماز جنازہ میں سینکڑوں لوگ شریک تھے جنہوں نے اس موقع پر آزاد کے حق میں اور بھارت کیخلاف فلک شگاف نعرے لگائے۔ قابض انتظامیہ نے بھارت مخالف مظاہروں کو روکنے کیلئے اسلام آباد کے علاقوں مٹن چوک ، ریشی بازار اور چینی چوک میں غیر اعلانیہ کرفیو نافذ کر رکھاہے۔