پاکستان میں سیاسی استحکام اور معاشی خوشحالی جدوجہد آزادی کشمیر کو نئی جلا بخشے گی،سردار مسعود خان

پاکستان اور کشمیر کے لوگوں کا اٹوٹ رشتہ ہے ، جموں وکشمیر کے لوگوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں ،مضبوط اور مستحکم پاکستان ہی کشمیریوں کا بہترین ضامن وکیل ہو سکتا ہے،صدر آزاد کشمیر

ہفتہ 28 جولائی 2018 20:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2018ء) سردار مسعود خان صدر آزاد جموں وکشمیر نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاسی استحکام اور معاشی خوشحالی جدوجہد آزادی کشمیر کو نئی جلا بخشے گی۔ اورتحریک آزادی کشمیر کے استحکام اور تقویت کا باعث بنے گی ۔ اب بھی وقت ہے کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں بند کرے اور اپنی فوجوں کے انخلاء کو یقینی بناتے ہوئے جموں وکشمیر کے لوگوں کو آزادانہ اور منصفانہ رائے شماری کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دے۔

ان خیالات کا اظہار صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے سینئر نائب صدر مسلم لیگ آزادجموں وکشمیر و سابق سیکرٹری حکومت آزادکشمیرسید اکرم شاہ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ہفتہ کو صدارتی بلاک جموں وکشمیر ہائوس اسلام آبادمیں ان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

سید اکرم شاہ نے صدر گرامی کو آزادکشمیر میں تعمیر و ترقی باالخصوص باغ و پونچھ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بتایا ۔

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر حکومت صدر آزاد کشمیر کے ویژن اور راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت میں آزادکشمیر کے انفرسٹرکچر کو بہتر سے بہتر بنانے کے لئے کوشاں ہے۔ صدر مسعود خان نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور کشمیر کے لوگوں کا اٹوٹ رشتہ ہے ۔ جموں وکشمیر کے لوگوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں ۔ صدر نے کہا کہ مضبوط اور مستحکم پاکستان ہی کشمیریوں کا بہترین ضامن وکیل ہو سکتا ہے۔