Live Updates

انتخابات کے 3 روز بعد نئے انتخابات کی تاریخ دے دی گئی

اگلے انتخابات پانچ سال بعد نہیں بلکہ بہت جلد ہوںگے، ملک کو 80 کی دہائی کی جانب دھکیل دیا گیا ہے،سرحدوں کی حفاظت کرنے والوں کا کام سیاست میں دخل اندازی نہیں ہے، مسلم لیگ ن کے رہنماوں شاہ محمد شاہ،سلیم ضیاء اور رانامشہود کی پریس کانفرنس

ہفتہ 28 جولائی 2018 21:50

انتخابات کے 3 روز بعد نئے انتخابات کی تاریخ دے دی گئی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 جولائی2018ء) پاکستان مسلم لیگ ( ن)سندھ کے صدرشاہ محمد شاہ،جنرل سیکرٹری سلیم ضیاء اور پنجاب کے سابق وزیرتعلیم رانامشہود نے کہا ہے کہ اگلے انتخابات پانچ سال بعد نہیں بلکہ بہت جلد ہوںگے،ملک کو 80 کی دہائی کی جانب دھکیل دیا گیا ہے ،سرحدوں کی حفاظت کرنے والوں کا کام سیاست میں دخل اندازی نہیں ہے،اندر باہر وردی والوں نے ہمارے ووٹروں کو پولنگ اسٹیشن کے اندر جانے سے روکا،ملک کو لوٹ کر پی ٹی آئی میں شامل ہونے والوں کے روز کی بنیاد پر کچے چھٹے کھولیں گے، نیب زدہ لوگوں کو وزارت نہ دینے والے اپنے وعدوں پر عمل کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو کراچی پریس کلب میں مسلم لیگ (ن)سندھ کے سیکرٹری اطلاعات خواجہ طارق نذیر ، کراچی ڈویڑن کے صدر علی اکبر گجر اور کراچی کے دیگر نامزد امیدواروں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ملک کا اصل مینڈیٹ ہمارے پاس ہے۔ ہمارے امیدواروں نے انتخابات میں برے حالا ت کے باوجود اچھے نتائج پیش کیے۔

ہمارے لوگوں کی وفاداریاں تبدیل کرانے کے لیے مختلف قسم کے ہتھکنڈے استعمال کیے گئے۔ ہمارے لیڈران پر جھوٹے مقدمات درج کرائے جو بعد میں غلط ثابت ہوئے۔ا نہوں نے کہا کہ گذشتہ پانچ سالوں میں ہم پر دھرنے مسلط کیے گئے۔ ہمارے دور میں سول نافرمانیاں ہوئیں جس کو ہم نے برداشت کیا۔ انہوںنے کہا کہ ہم الیکشن کے نتائج کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے کیونکہ اس الیکشن میں اداروں نے ایک جماعت کے لیے کام کیا۔

عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے پانچ سو ارب بھارت بھیجنے کے دعوے کرنے والے اب اس رقم کو ملک میں واپس لائیں۔ جہانگیر ترین ، علیم خان اور پارٹی کے دیگر 27 کارکنان جن کا نام پاناما میں شامل ہے ، ان کی جائیدادیں واپس لا کر ملک کی ترقی پر خرچ کریں۔ انہوںنے کہا کہ ہم جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں۔ ہم کے پی کے میں حکومت سازی کر سکتے تھے مگر ہم نے جمہوری اصولوں کو اپنا کر عمران خان کو حکومت کر نے دی۔

انہوں نے کہا کہ اگلے انتخابات پانچ سال بعد نہیں بلکہ بہت جلد ہونے والے ہیں۔ ہم کراچی کی تمام نشستوں پر دوبارہ گنتی پر جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عثمان ڈار کی ڈگری میٹرک اور عامر لیاقت کی ڈاکٹر یٹ کی ڈگری کہاں غائب ہو گئی۔اتوارکو لاہور میں پارٹی کا ایک اہم اجلاس ہو گا ، جس میں پارٹی کی قیادت مستقبل کے لائحہ عمل کے لیے فیصلہ کرے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات