Live Updates

انتخابی نتائج سے ناراض امیدواروں کی درخواست پر مختلف حلقوں میں آج بھی ووٹوں کی دوبارہ گنتی کاعمل جاری

خیبرپختونخوا میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی نے بازی پلٹ دی ‘ تحریک انصاف کے رہنما شاہ فرمان کی جیت ہارمیں بدل گئی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 2 اگست 2018 15:50

انتخابی نتائج سے ناراض امیدواروں کی درخواست پر مختلف حلقوں میں آج بھی ..
اسلام آباد/پشاور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔02 اگست۔2018ء) انتخابی نتائج سے ناراض امیدواروں کی درخواست پر مختلف حلقوں میں آج بھی ووٹوں کی دوبارہ گنتی کاعمل جاری ہے۔پی پی 108فیصل آباد کے 220پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ گنتی مکمل ہوئی تو عابد شیر علی احتجاجاً واپس چلے گئے، این اے 230اور پی ایس 73بدین کے نتائج کا امیدواروں کو بے صبری سے انتظار ہے۔

فیصل آباد این اے 108میں چھٹے روز بھی ووٹوں کی دوبارہ گنتی آج صبح شروع ہوئی، 220پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ گنتی مکمل ہونے کے بعد ری کاﺅنٹنگ کا عمل روک دیا گیا۔اس حلقے میں تمام 394پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ گنتی کے خواہشمند عابد شیرعلی پولنگ روکے جانے پر احتجاجاً سیشن کورٹ سے واپس چلے گئے۔یہاں پوسٹل بیلٹس اور مسترد شدہ ووٹوں کی گنتی جاری ہے، اس حلقے سے تحریک انصاف کے امیدوار فرخ حبیب کامیاب ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

بدین میں این اے 230اور پی ایس 73پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی جا رہی ہے، این اے 230پر جی ڈی اے فہمیدہ مرزا کامیاب ہوئی تھیں جبکہ پی ایس 73پر پیپلز پارٹی کے تاج محمد ملاح جیتے تھے۔ لاہور ہائی کورٹ ملتان بینچ میں قومی اسمبلی کی 5جبکہ صوبائی اسمبلی کی 4نشستوں کی دوبارہ گنتی کے لیے سماعت آج ہو گی۔ان حلقوں میں این اے 152خانیول سے پیر محمد اسلم، این اے 155سے شیخ طارق رشید، این اے 158سے سید یوسف رضا گیلانی، این اے 182 جمشید دستی اور این اے 190 سے سردار ذوالفقار علی کھوسہ کی جانب سے دوبارہ گنتی کی درخواستیں دائر کی گئی تھیں۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی نے بازی پلٹ دی ہے اور تحریک انصاف کے رہنما شاہ فرمان کی جیت ہارمیں بدل گئی اور اے این پی کے خوشدل خان کامیاب قرار پائے۔تفصیلات کے مطابق پشاور کے حلقہ پی کے 70 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی نے خیبرپختونخوا سے تحریک انصاف کے رہنما شاہ فرمان ہار گئے جبکہ اے این پی کے خوشدل خان کامیاب ہوئے۔

خوشدل خان نے پی کے 70 سے 15 ہزار 544 ووٹ حاصل کرکے تحریک انصاف امیدوار کو 187 ووٹوں سے شکست دے دی۔فتح کے بعد خیبر پختونخوا اسمبلی میں اے این پی نے ایک اور نشست اپنے نام کرلی اور سیٹیوں کی تعداد7 ہوگئی ہے۔یاد رہے 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے شاہ فرمان 47 ووٹوں سے کامیاب ہوئے تھے۔جس کے بعد حلقے میں خوشدل خان کی جانب سے دوبارہ گنتی کی درخواست دی تھی، حلقے میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی6 روز سے جاری تھی جو کہ آج مکمل ہوگئی ہے۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا میں 66 نشستوں کے ساتھ حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے تاہم شاہ فرمان کی شکست کے بعد ایک نشست کم ہوگئی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات