مقبوضہ کشمیر،’وائس آف وکٹمز‘ کا بھارتی فورسز کے بڑھتے ہوئے مظالم پراظہار تشویش

کشمیری نوجوان بلا جواز گرفتاریوں کی وجہ سے خود کو انتہائی غیرمحفوظ تصورکررہے ہیں، بیان

جمعرات 2 اگست 2018 19:34

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2018ء) مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مقامی تنظیم ’وائس آف وکٹمز ‘نے بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ وادی کے اطراف واکناف میں چھاپوں،گرفتاریوں اور حریت رہنمائوں اور کارکنوں سمیت عام کشمیری نوجوانوں کے خلاف کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے بے دریغ استعمال پرسخت تشویش کااظہارکیا ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق وائس آف وکٹمزکے ایگزیکٹوڈائریکٹرعبدالقدیرڈارنے سرینگر میں جاری بیان میں کہاکہ کشمیری نوجوان بلا جواز گرفتاریوں اور کالے قانون پبلک سیفٹی کے تحت جیلوں میں منتقل کرنے کی بہیمانہ کارروائیوں کی وجہ سے خود کو انتہائی غیرمحفوظ تصورکررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ وادی میں 1990جیسی صورتحال پیداکی جارہی ہے جسکے سنگین نتائج نکلیں گے۔انہوں نے کہا کہ بڑھتے ہوئے جبر واستبداد کے باعث نوجوان ہاتھوںمیں ہتھیار اٹھانے پر مجبور ہو رہے ہیں۔عبدالقدیر ٖڈار نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل ،ایمنسٹی انٹرنیشنل ،ایشیاء واچ اور انسانی حقوق کی دیگر عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی مظالم کا نوٹس لیں۔