گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس اور متحدہ مجلس عمل کی اپیل پر مبینہ دھاندلی کیخلاف حیدرآباد میں بھی احتجاجی مظاہرہ

جمعہ 3 اگست 2018 23:14

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اگست2018ء) گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی ای) اور متحدہ مجلس عمل کی جانب سے عام انتخابات 2018ء میں مبینہ دھاندلی کیخلاف جمعہ کے روز سندھ بھر میں احتجاج کی اپیل پرحیدرآباد میں بھی احتجاجی مظاہرہ کیاگیا،مظاہرے میں شریک کارکنان الیکشن کمیشن کیخلاف سخت نعرے بازی کر رہے تھے ،اس موقع پر جی ڈی اے کی رہنما اور این اے 225 کی امیدوار ناہید خان، ڈاکٹر گلزار جمانی، متحدہ مجلس عمل کے رہنما مولانا تاج محمد ناہیوں، حافظ طاہر مجید اور مولانا اعظم جہانگیری سمیت دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے سیاسی، معاشی اور سماجی نظام پر مافیا نے قبضہ کیا ہوا ہے اور اس کی مرضی سے ہی پورا نظام چلتا ہے، انہوں نے کہاکہ آرمی چیف، چیف جسٹس اور الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وعدہ کیا تھا کہ ملک میں صاف وشفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا لیکن یہ انتخابات دھاندلی زدہ ہیں جس کے باعث یہ تینوں ادارے ناکام ہوگئے ہیں،انہوں نے کہاکہ آرمی پولنگ اسٹیشنوں پر تو تھی لیکن اس نے اپنا کردار ادا نہیں کیا اور بیلٹ پیپر پر لگائے گئے انگوٹھے چیک کرائے جائیں تو دھاندلی کے تمام ثبوت مل جائیں گے، انہوں نے کہاکہ اس ملک میں خونی انقلاب آئے گا، عوام اور ووٹرز کا قتل عام کیا جاتا رہا ہے، ہمارے ووٹ کی کوئی حیثیت نہیں ہے، اب جو ادارے چاہیں گے وہی اس ملک میں ہوگا، جب ہمارے ووٹ کی کوئی اہمیت ہی نہیں تو ہم ہر طرح سے احتجاج کریں گے، ہم بے ضمیر ہوکر اس ملک میں نہیں رہ سکتے، انہوں نے کہاکہ اب یہ کھیل بند ہونا چاہئے اس کیلئے جیلیں بھرنی پڑیں یا پھانسی چڑھنا پڑے ہم ہر قربانی دینے کو تیار ہیں، انہوں نے کہاکہ اگر آپ اسی طرح جعلی حکومتیں بناتے رہے تو پھر انقلاب آئے گا۔