نومنتخب اراکین اسمبلی کے انتخابی اخراجات کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو موصول

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 271 کیچ بلوچستان سے نومنتخب رکنِ اسمبلی نے اپنی تفصیلات جمع نہیں کرائیں

اتوار 5 اگست 2018 20:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2018ء) ملک بھر میں 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے امیدواروں نے اپنے انتخابی اخراجات کی تفصیلات الیکشن کمیشن پاکستان (ای سی پی) میں جمع کرادیں۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کو قومی اسمبلی کی270 اراکین میں سے 269 اراکین کی تفصیلات موصول ہوچکی ہیں۔ان انتخابی امیدواروں نے اپنے تفصیلات صوبائی الیکشن کمشنر کو جمع کرائیں جس کے بعد انہوں نے یہ تفصیلات ای سی پی کو ارسال کیں۔

(جاری ہے)

ذرائع نے اس حوالے سے بتایا کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 271 کیچ بلوچستان سے نومنتخب رکنِ اسمبلی نے اپنی تفصیلات جمع نہیں کرائیں۔دوسری جانب پنجاب اسمبلی کی95 2اور سندھ اسمبلی کے 129 نومنتخب اراکین نے بھی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرادی ہیں۔ادھر خیبر پختونخوا اسمبلی کے 97 اور بلوچستان اسمبلی کے 49 نومنتخب ارکان کی تفصیلات بھی الیکشن کمیشن کو موصول ہوگئی ہیں۔بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 36 سے کامیاب امیدوار نے تفصیلات جمع نہیں کرائیں۔الیکشن کمیشن کی جانب سے امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن 2 یا تین روز میں جاری کردیا جائے گا جس کے 3 روز بعد آزاد امیدوار پارٹی میں شمولیت اختیار کرسکتے ہیں۔