Live Updates

صدرپی ٹی آئی کراچی کا متحدہ سے اتحاد مجبوری قرار

ایم کیوایم پرجو الزامات لگائےان پرقائم ہیں، ڈبے کھلنے کا کوئی ڈرنہیں کیونکہ الیکشن صاف وشفاف ہوئے۔ صدرکراچی ڈویژن فردوس شمیم نقوی کی پریس کانفرنس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 5 اگست 2018 21:08

صدرپی ٹی آئی کراچی کا متحدہ سے اتحاد مجبوری قرار
کراچی(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔05 اگست 2018ء) : تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدرفردوس شمیم نقوی نے متحدہ سے اتحاد کو مجبوری قرار دے دیا ہے، انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پر جو الزامات لگائے ان پر قائم ہیں، الیکشن صاف وشفاف ہوئے ہمیں ڈبے کھلنے کا کوئی ڈرنہیں۔ انہوں نے آج کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ایم کیو ایم پر جو الزامات لگائے ہیں ان پر قائم ہیں۔

شمیم نقوی نے کہا کہ ہم نے مجبوری میں ایم کیو ایم سے اتحاد کیا ہے۔ ہمیں مجبوری میں ایم کیوایم کے پاس جانا پڑا کیونکہ ہمیں حکومت سازی کیلئے اپنے ووٹ پورے کرنے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ایم کیوایم ، پی ایس پی اور دیگر جماعتوں سے پی ٹی آئی میں شامل ہونے والوں سے واضح کہا ہے کہ کسی کا بھی کریمنل ریکارڈ نہیں ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی میں ایم کیوایم کو شکست میئر وسیم اختر کے باعث ہوئی ہے۔

اگر ایم کیوایم نے کراچی والوں کو کام کیے ہوتے توشکست مقدر نہ بنتی۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم نے کراچی کے عوام سے گزشتہ 35سال صرف وعدے کیے جبکہ ان کے ساتھ کیے گئے وعدے وفا نہیں کیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ڈبے کا کھلنے کا کوئی ڈر نہیں ہے، کیونکہ الیکشن صاف شفاف ہوا ہے۔ واضح رہے تین اگست کوتحریک انصاف اور ایم کیوایم کے درمیان حکومت سازی کا معاہدہ طے پا گیا ہے،ایم کیوایم اور پی ٹی آئی مرکزاور سندھ میں ملکر حکومت بنائیں گے،پی ٹی آئی رہنماء جہانگیرترین نے کہا کہ کراچی کیلئے اسپیشل پیکج دیں گے،جبکہ ایم کیوایم کے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ مینڈیٹ کا احترام کیا جائے،دھاندلی والے حلقے کھولنے اورکراچی آپریشن کا زیادتیوں کاجائزہ لینے کا معاہدہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق ایم کیوایم کے وفد نے خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی، جس میں مرکز اور سندھ میں حکومت سازی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ بعدازاں پی ٹی آئی رہنماء جہانگیرترین نے ایم کیوایم کے وفد کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان کا مکمل تعاون حاصل ہے۔ایم کیوایم رہنماء خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیوایم اور پی ٹی آئی کے درمیان معاہدہ طے پایا ہے وہ جمہوریت کیلئے ضروری ہے۔

تحریک انصاف نے مردم شماری کے جائزے میں تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔ ایم کیوایم چاہتی ہے کہ دھاندلی والے حلقے کھولے جائیں وہاں بھی پی ٹی آئی مدد کرے گی۔انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن کا جائزہ لیا جائے گا اور اس کومنطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔اگر کہیں کسی کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے تواس کا ازالہ کیا جائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات