Live Updates

الیکشن میں کامیابی عمران خان کی 22 سالہ جدوجہد کا نتیجہ ہے،

تحریک انصاف اپنے منشور پر عملدرآمد کے لئے دستیاب وسائل کا بہترین استعمال کرے گی عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کی پریس کانفرس

منگل 7 اگست 2018 20:12

الیکشن میں کامیابی عمران خان کی 22 سالہ جدوجہد کا نتیجہ ہے،
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2018ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان ووٹ کے ذریعے تبدیلی کی فضاء میں کراچی کی عوام کا مرکزی کردار ہے اور عمران خان عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے اور اپنے منشور پر عملدرامد کے لئے دستیاب وسائل کا بہترین استعمال کریں گے۔ منگل کے روز کراچی میں پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے کراچی آنے کا مقصد عوام کا شکریہ ادا کرنا ہے کیونکہ عمران خان کی کامیابی میں کراچی کا اہم کردار ہے ۔

عام انتخابات میں دھاندلی کے دھاندلی کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی ہضم نہیں ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو حکومت سنبھالنے کے بعد سب سے بڑا چیلنج معیشت میں بہتری لانا ہو گی، ملک بیرونی قرضوں کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے ، ہر شعبے میں میرٹ پر سختی سے عمل کرنے کے علاوہ آزاد خارجہ پالیسی اپنانی ہوگی۔

(جاری ہے)

شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف کے ساتھ کوئی این آر او نہیں ہونے جا رہا، انہیں قانون کے مطابق سزا پوری کرنی ہوگی۔ حسن نواز، حسین نواز اور اسحاق ڈار کو ریڈ وارنٹ کے ذریعے پاکستان لائیں گے، اس کے علاوہ شاہد خاقان عباسی اور شہباز شریف کے خلاف کرپشن کے الزامات کی تحقیقات ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر مولانا فضل الرحمان کو شکست ہوئی ہے تو وہ دھاندلی کا شور مچا رہے ہیں، حالیہ انتخابات میں کامیابی عمران خان کی 22 سال جدوجہد کا نتیجہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ووٹ کرپشن کے خاتمے کے لئے ملا ہے اور ہماری بھرپور کوشش ہو گی کہ کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ ہر قیمت پر مکمل ہو گا، کسی قسم کا دباؤ قبول نہیں کریں گے، سی پیک ہمارے خطے کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن الیکشن کمیشن آف پاکستان کے باہر احتجاج کر کے اپنا شوق پورا کر لے۔

انہوں نے کہا کہ ہم دیانت دار بیورو کریسی کو پروموٹ کریں گے اور زنگ آلود بیورو کریسی کو درست کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں پاکستان تحریک انصاف تیسری بڑی پارٹی بن کر ابھری ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے تمام گروپوں سے اچھے تعلقات ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن کو مشورہ دیا کہ وہ نئی حکومت پر مثبت تنقید کریں جس سے ہماری رہنمائی ہو۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات