انڈر 17 سندھ ہاکی چیمپئن شپ 14 اگست سے شروع ہوگی

جمعہ 10 اگست 2018 13:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2018ء) سندھ ہاکی ایسوسی ایشن کے زیراہتمام انڈر 17 سندھ ہاکی چیمپئن شپ 14 اگست سے شروع گی۔ سندھ ہاکی ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری محمد رمضان جمالی نے بتایا کہ چیمپیئن شپ سندھ کے چار مختلف ڈسٹرکٹ میں کھیلی جائے گی جس میں کراچی ،حیدرآباد ،سکر ،خیرپور شامل ہیں۔کراچی سنٹر میں ڈی ایچ اے ایسٹ، ڈی ا یچ اے ساؤتھ، ملیر اور ڈی ایچ اے سینٹرل شامل ہیں جبکہ حیدرآباد میں ڈسٹرکٹ جامشورو، میرپور خاص، سانگھڑ، حیدرآباد شامل ہیں جبکہ خیرپور سنٹر میں ڈسٹرکٹ دادو، ڈسٹرکٹ نوشیروفیروز، ڈسٹرکٹ نوابشاہ، ڈسٹرکٹ خیرپور شامل ہیں جبکہ سکھر سنٹر میں ڈسٹرکٹ جیکب آباد، ڈسٹرکٹ کشمور، ڈسٹرکٹ گھوٹکی، ڈسٹرکٹ لاڑکانہ اور سکھر شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ میں یکم جنوری 2002ء کے بعد پیدا ہونے والے کھلاڑی حصہ لینے کے اہل ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو عمر کے ثبوت کے لئے اپنے ہمراہ نادرہ کا اصل ب فارم لانا ہوگا، ورنہ کھلاڑی چیمپیئن شپ میں حصہ نہیں لے سکے گا۔ رمضان جمالی نے بتایا کہ ہر سنٹر سے دو دو ٹیمیں فائنل راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کریں گی جبکہ چیمپئن شپ کا فائنل راؤنڈ 26 اگست سے عبدالستار ایدھی ہاکی سٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا۔ چیمپیئن شپ میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔