بھارت کو مقبوضہ کشمیرمیں اپنا یوم آزادی منانے کا کوئی حق حاصل نہیں ،غلام نبی فائی

بین الاقوامی قانون کے تحت جموںوکشمیر اقوام متحدہ کے کسی رکن ملک کا حصہ نہیں ہے،عالمی ادارے نے اسے ایک متنازعہ علاقہ تسلیم کر رکھا ہے،بیان

بدھ 15 اگست 2018 15:46

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2018ء) ورلڈ کشمیر اوئیرنس فورم کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کہاہے کہ بھارت کو مقبوضہ کشمیرمیں اپنا یوم آزادی منانے کا کوئی آئینی ، قانونی یااخلاقی حق حاصل نہیں ہے کیونکہ جموںوکشمیر بھارت کاحصہ نہیں ہے بلکہ اُس نے اس پر غیر قانونی طورپر قبضہ کر رکھا ہے ۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈاکٹر فائی نے واشنگٹن سے جاری ایک بیان میں کہا کہ بین الاقوامی قانون کے تحت جموںوکشمیر اقوام متحدہ کے کسی رکن ملک کا حصہ نہیں ہے بلکہ عالمی ادارے نے اسے ایک متنازعہ علاقہ تسلیم کر رکھا ہے جس کے مستقبل کا فیصلہ ابھی ہوناباقی ہے ۔

انہوںنے کہاکہ تنازعہ کشمیر نہ تو بھارت اور پاکستان کے درمیان کوئی سرحدی مسئلہ ہے اور نہ ہی ہندوئوں اور مسلمانوں کے درمیان کوئی جنگ بلکہ یہ بین الاقوامی قانون و انصاف اور اخلاقیات کے مطابق لاکھوں کشمیریوںکے سیاسی اور انسانی حقوق کا مسئلہ ہے ۔ ڈاکٹر غلام نبی فائی نے اقوام متحدہ پر زوردیا کہ وہ کسی غیر جانبدار ادارے کے زیرنگرانی جموںوکشمیر میں ریفرنڈم کرانے اور تنازعے کے حل کیلئے کسی تیسرے فریق کی ثالثی میں تعاون کیلئے بھارت اور پاکستان پر دبائو بڑھائے۔