بیت المقدس اور کشمیر پر اسرائیلی و بھارتی ظالمانہ خونی تسلط عالم اسلام کیلئے چیلنج و تازیانہ ہے،مولانا جعفرالحسن تھانوی

بدھ 15 اگست 2018 21:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اگست2018ء) متحدہ علماء محاذ پاکستان کے بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری کی دعوت پر جامعہ شمس المدارس کے سربراہ مولانا جعفرالحسن تھانوی کی زیر صدارت مرکزی سیکریٹریٹ گلشن اقبال میں منعقدہ 11واں سالانہ ’’حج بیداری ملت کا پیغام‘‘ سیمینار میں شریک مختلف مکاتب فکر کے علماء مشائخ و سیاسی زعما نے اپیل کی ہے کہ امام حج قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی کیلئے بیداری کا پیغام دیں۔

بیت المقدس اور کشمیر پر اسرائیلی و بھارتی ظالمانہ خونی تسلط عالم اسلام کیلئے چیلنج و تازیانہ ہے۔ عالم اسلام کے مرکز سعودی عرب اور پاکستان سمیت مسلم حکمرانوںکو بیت المقدس وکشمیر کی آزادی ،خود مختاری کیلئے مشترکہ اسلامی فوج تشکیل دینی چاہئے اورمسلم ممالک کے مابین حالیہ تنازعات و کشیدگی کے فوری خاتمے یمن شام میں قیام امن کیلئے کردار اداکریں۔

(جاری ہے)

قبلہ اول بیت المقدس سمیت حرمین شریفین کا تحفظ و تقدس مشترکہ دینی فریضہ ہے۔بیت المقدس کی مکمل آزادی و مختاری تک مسلم حکمراں خصوصاً عرب ممالک اسرائیل سے اپنے ہر قسم کے تعلقات منقطع کر دیں۔ علماء نے بانی اسلامی انقلاب امام خمینی کی جانب سے فلسطین کے مسلمانوں کی جدوجہد کو تقویت دینے کیلئے جمعة الوداع کو یوم القدس کے طو رپر منائے جانے کے جرأت مندانہ اعلان پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

علما ء نے افواج پاکستان کی گراں قدر خدمات و عظیم قربانیوں اور شہادتوں پرشاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا علماء نے فلسطین و کشمیر برما، شام،یمن کے مظلوم مسلمانوں اور افواج پاکستان سے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر یکجہتی کا اظہار کیا۔سیمینار سے مہمانان خصوصی جامعہ دعوة الحق کے سربراہ مولانا مفتی محمد بخاری، ذاکرین امامیہ کے چیئرمین علامہ نثار احمدقلندری، علامہ علی کرار نقوی کے علاوہ مرکزی جمعیت اہلحدیث عالمی کے رہنما علامہ مرتضیٰ خان رحمانی، عالمی اتحاد امت مشن کے سربراہ ڈاکٹر علامہ شاہ فیروز الدین رحمانی،عالمی مجلس آئمہ مساجد کے سربراہ علامہ روشن دین الرشیدی، جے یو پی کے رہنما مولانا شوکت مغل رضوی، مسلم لیگ ق کے سید انور شاہ کشمیری، مسلم لیگ ن کے اسلم خٹک،تحریک انصاف کے اسرار عباسی، جمعیت علمائے پاکستان کے محمد شکیل قاسمی، جمعیت علمائے اسلام س کے علامہ غلام مصطفی رحمانی،جے یو پی کے علامہ وحید نورانی،سواد اعظم یوتھ فورس کے حافظ گل نواز،آل پاکستان مسلم لیگ کے سہیل قریشی،تحریک تحفظ دفاع پاکستان کے فرخ تنویر، ممتاز صحافی ودانشور اے اے فریدی، جامعہ فاروقیہ کے فاضل مولانا مفتی مفیض الحق انجم، جامعہ بنوری ٹائون کے فاضل جامعہ مسجد بلال صرافہ بازار کے امام مولانا مفتی منیر احمد ہزاروی، روحانی میڈیا کے قاری انوار حمیدی، معروف نعت خواں سید معاذ علی نظامی،قاری حسین رحمانی ودیگر نے شرکت و خطاب کیا۔