Live Updates

لاہور ، ملکی تاریخ میں پہلی بار جنرل الیکشن میں 17 لاکھ ووٹ مسترد ہوئے،شاہ محمد اویس نورانی

اس بار دھاندلی کا نیا طریقہ استعمال کیا گیا، فکسڈ الیکشن کے ذریعے عمران خان کو ملک پر مسلط کیا جا رہا ہے، پی ٹی آئی نے اقتدار میں آنے سے پہلے ہی بے اصولیوں کے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں، مرکزی سیکرٹری جنرل جمعیت علماء پاکستان

بدھ 15 اگست 2018 22:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اگست2018ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار جنرل الیکشن میں 17 لاکھ ووٹ مسترد ہوئے۔ اس بار دھاندلی کا نیا طریقہ استعمال کیا گیا۔ فکسڈ الیکشن کے ذریعے عمران خان کو ملک پر مسلط کیا جا رہا ہے۔

پی ٹی آئی نے اقتدار میں آنے سے پہلے ہی بے اصولیوں کے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔ دھاندلی کی تحقیقات کروانے کے لئے اپوزیشن متحد ہے۔ عمران خان کے ذریعے ملک میں سیکولر ازم لانے کی کوششوں کی ڈٹ کر مزاحمت کریں گے۔ ایم ایم اے کال دے کر ملک بھر میں پہیہ جام کر سکتی ہے۔ عید کے بعد دھاندلی کے خلاف قومی کانفرنس ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جے یو پی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے کہا کہ دھاندلی زدہ کمزور اور نا تجربہ کار حکومت ملک کو بحرانوں سے نہیں نکال سکتی۔ الیکشن کمیشن ناکام اور بدنام ہو چکا ہے۔ ضمنی الیکشن سے پہلے نیا الیکشن کمیشن بنایا جائے۔ قوم کو دھوکہ دینے کے لئے تبدیلی کے نعرہ لگایا گیا۔ لوٹوں کی مدد سے نیا پاکستان نہیں بن سکتا۔ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ سی پیک کو سبوتاژ کرنے کے لئے ملک دشمن طاقتیں متحرک ہو چکی ہیں۔

ملک کو فلاحی ریاست بنانے کے لئے خلافت راشدہ کے عادلانہ نظام سے راہنمائی حاصل کی جائے۔ پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کا رومانس زیادہ دیر چلتا دکھائی نہیں دیتا۔ سول بالادستی کے لئے جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ سیاست میں غیر سیاسی قوتوں کی مداخلت تمام مسائل کی جڑ ہے۔ کسی آئینی ادارے کو مقدس گائے کا رتبہ نہیں ملنا چایئے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات