راجہ معراج الدین کلوال گزشتہ ایک سال سے تہاڑ جیل میں نظربند ہیں‘اشرف صحرائی

بھارتی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے راجہ معراج الدین کلوال کے اہلخانہ کو ہراساں کرنے کی مذمت

جمعہ 17 اگست 2018 12:04

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں تحریک حریت جموں وکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے نئی دلی کی تہاڑ جیل میں غیر قانونی طورپر نظربند حریت رہنماء راجہ معراج الدین کلوال کے اہل خانہ کوبھارتی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے ہراساں اورپریشان کرنے کی شدید مذمت کی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد اشرف صحرائی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاہے کہ راجہ معراج الدین کلوال گزشتہ ایک سال سے تہاڑ جیل میںمسلسل نظربند ہیں اور ان کے خلاف دلی کی ایک عدالت میں مقدمہ زیر سماعت ہے ۔

انہوںنے ایک سال بعد راجہ معراج الدین کلوال کے اہلخانہ سے پوچھ گچھ کو سیاسی انتقام قراردیا۔ انہوںنے کہاکہ بھارتی حکمران مختلف سیاسی ہتھکنڈوں، ظلم وجبر اور دھونس ودباؤ کے ذریعے آزادی پسند قائدین اور کارکنوں کو ہراساں کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

اشرف صحرائی نے کہا کہ راجہ معراج کے گھروالوں کو ہراساں کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔انہوںنے 15اگست کو بھارتی یوم آزادی کے پیش نظر آزادی پسند رہنمائوں اور کارکنوں کی گرفتاریوں اور 15اگست گزرنے کے باوجود اُنکی مسلسل نظربندی پر تشویش ظاہر کی ہے ۔

انہوںنے کہاکہ قابض انتظامیہ نے اشفا ق احمد خان، معراج الدین ربانی، ملک شوکت اور فیاض احمد کو 15اگست سے قبل احتیاطی طور گرفتار کیاتھا تاہم انہیں ابھی تک رہا نہیں کیا گیا ہے ۔ انہوںنے گرفتار شدگان کی فوری رہائی پر زور دیا۔ادھر تحریک حریت کے رہنماء محمد یوسف مکرو کی قیادت میں ایک وفد نے ایک دلدوز حادثے میںجاںبحق ہونیوالے 4افراد کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی اور ہمدردی کیلئے اترسو شانگس گیا۔