Live Updates

ملک کو بحرانوں سے نجات دلائیں گے، فیصل جاوید

ہفتہ 18 اگست 2018 00:06

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے چیئرمین سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوانوں کو خصوصی طور پر مبارکباد دیتا ہوں جنہوں نے عمران خان کی 22 سالہ طویل جدوجہد میں حصہ لیا اور شانہ بشانہ کھڑے رہے، نئے پاکستان کی منزل کا سفر شروع ہو گیا ہے ملک کو بحرانوں سے نجات دلائیں گے۔

جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان کی منزل کا سفر شروع ہو گیا ہے، عمران خان ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے بعد ملک کو نئی منزل کی جانب گامزن کریں گے۔ فیصل جاوید نے کہا کہ (آج) ہفتہ کی صبح عمران خان اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھانے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 1992ء کے ورلڈ کپ کے ساتھیوں کو فراموش نہیں کیا اور حلف برداری کی تقریب میں مدعو کیا ہے۔

نجوت سنگھ سدھو تمام تر مخالفت کے باوجود پاکستان آ گئے ہیں، وہ عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لئے آئے ہیں۔ فیصل جاوید نے کہا کہ جمہوریت میں احتجاج اپوزیشن کا حق ہوتا ہے، جب 2013ء میں ہم نے کہا کہ 4 حلقے کھول دیں، سب جماعتوں نے بھی کہا دھاندلی ہوئی لیکن یہ 4 حلقے نہیں کھولے گئے، تحریک انصاف کو ان 4 حلقوں سے کوئی اقتدار نہیں مل جانا تھا لیکن یہ ہمارا حق تھا اور انصاف نہ ملنے پر ہم نے ایک سال بعد ڈی چوک میں دھرنا دیا اور وہ دھرنا دھاندلی کے خلاف اور شفافیت کے مطالبہ کے لئے تھا۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے جو اعتراضات ہیں الیکشن کمیشن میں اپوزیشن لے کر جائے پی ٹی آئی رکاوٹ نہیں بنے گی۔ پارلیمانی رپورٹرز سے بدسلوکی کے واقعہ کو قائمہ کمیٹی اطلاعات و نشریات کے آئندہ اجلاس میں اٹھائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات