Live Updates

فرانسیسی صدر کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو ٹیلی فون کال کرنے کی خبر بے بنیاد نکلی

فرانسیسی صدر نے براہ راست وزیراعظم عمران خان سے رابطہ کرنے کی کوشش نہیں کی، گزشتہ روز فرانس کے ایوان صدر کے حکام کی جانب سے وزیراعظم ہاوس رابطہ کرکے دونوں ممالک کے سربراہان کے درمیان رابطے کیلئے وقت مانگا گیا تھا: صحافی گل بخاری کا دعویٰ

muhammad ali محمد علی ہفتہ 1 ستمبر 2018 20:27

فرانسیسی صدر کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو ٹیلی فون کال کرنے کی خبر ..
اسلام آباد (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ یکم ستمبر 2018ء) فرانسیسی صدر کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو ٹیلی فون کال کرنے کی خبر بے بنیاد نکلی، صحافی گل بخاری کا دعویٰ ہے کہ فرانسیسی صدر نے براہ راست وزیراعظم عمران خان سے رابطہ کرنے کی کوشش نہیں کی، گزشتہ روز فرانس کے ایوان صدر کے حکام کی جانب سے وزیراعظم ہاوس رابطہ کرکے دونوں ممالک کے سربراہان کے درمیان رابطے کیلئے وقت مانگا گیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق جمعے کے روز پاکستان کے وزیراعظم عمران خان اور فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں کے درمیان ٹیلی فونک رابطے کے باوجود گفتگو نہ ہو پانے کی خبر سامنے آئی تھی۔ اس حوالے سے جرمن خبر رساں ادارے ڈی ڈبلیو کی جانب سے شائع کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جمعے کے دن وزیر اعظم عمران خان نے فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں کی کال لینے سے انکار کر دیا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ عمران خان پاکستانی میڈیا نمائندوں کے ساتھ ایک ملاقات میں مصروف تھے کہ فرانسیسی صدر نے انہیں فون کیا۔ چونکہ ماکروں کی اس کال کا وقت پہلے سے طے شدہ نہیں تھا، اس لیے عمران خان نے کہا کہ فرانسیسی صدر تیس منٹ بعد فون کریں۔ تاہم بعد ازاں انہیں فرانسیسی صدر کی دوبارہ کال موصول نہیں ہوئی۔ پاکستان کے معروف صحافی اور اینکر پرسن حامد میر نے بھی اپنی ایک ٹویٹ میں اس واقعے کا احوال بیان کیا۔

حامد میر نے ٹویٹ میں لکھا کہ خارجہ سیکرٹری تہمینہ جنجوعہ نے میٹنگ کے دوران ہی بتایا کہ فرانسیسی صدر ان سے بات کرنا چاہتے ہیں اور انہیں یہ کال سن لینا چاہیے۔ تاہم عمران خان نے کہا کہ وہ مصروف ہیں۔ پاکستانی سوشل میڈیا پر بھی اس واقعے پر بحث چھڑ گئی تھی۔ دوسری پیرس میں فرانسیسی وزارت خارجہ نے اس واقعے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ فیس بک اور ٹوئٹر کے متعدد صارفین نے عمران خان کی طرف سے فرانسیسی صدر کی اس ’غیر طے شدہ‘ کال ریسیو نہ کرنے پر اپنے خیالات کا برملا اظہار کیا ہے۔

کئی پاکستانی صارفین نے عمران خان کے اس اقدام کو سراہا بھی جبکہ کئی دیگر کے مطابق وزیر اعظم خان کا یہ رویہ ’نامناسب‘ تھا، جس سے وہ پرہیز بھی کر سکتے تھے۔ ایک ٹوئٹر صارف نےیہ بھی لکھا کہ اس بارے میں حامد میر کو بھی کوئی ٹویٹ نہیں کرنا چاہیے تھی۔ اس حوالے سے اب معروف خاتون صحافی گل بخاری کی جانب سے کچھ اور ہی دعویٰ کیا گیا ہے۔ گل بخاری کا دعویٰ ہے کہ فرانسیسی صدر نے وزیراعظم عمران خان سے کسی قسم کا براہ راست رابطہ کرنے کی کوشش نہیں کی۔

گل بخاری کہتی ہیں کہ گزشتہ روز فرانس کے ایوان صدر کے حکام کی جانب سے وزیراعظم ہاوس رابطہ کرکے دونوں ممالک کے سربراہان کے درمیان رابطے کیلئے وقت مانگا گیا تھا۔ ممکنہ طور پر فرانسیسی صدر اور وزیراعظم عمران خان کے درمیان ممکنہ طور پیر کے روز ٹیلی فونک رابطہ ہوگا۔ تاہم اس حوالے سے تاحال پاکستان کی وزارت خارجہ یا دفتر خارجہ نے کسی قسم کی وضاحت جاری نہیں کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات